ایران اور خلیجی ممالک میں کشیدگی میں کمی اولین ترجیح ہے: پاکستان

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت پارلیمانی جماعتوں کے رہنماو¿ں و نمائندگان کا اہم اجلاس جاری ہے۔وفاقی دارالحکومت میں جاری اہم اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمانی رہنماوں کو پاک افغان صورتحال اور مشرق وسطیٰ کی قیادت سے رابطوں پر بھی اعتماد میں لیا۔

ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ حکام نے ایران، اسرائیل تنازع کے بعد ملکی خارجہ پالیسی سے متعلق بریفنگ دی، شرکاءکو بتایا گیا کہ پاکستان نے تنازع کی شدت میں کمی لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی۔ نائب وزیراعظم نے خلیجی اور عرب ممالک کے ساتھ اپنے دوطرفہ رابطوں سے متعلق آگاہ کیا۔ شرکاءکو مغربی سرحد پر افغان طالبان رجیم کے خلاف جاری آپریشن پر بھی بریفنگ دی گئی۔

حکام نے کہا کہ پاکستان نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت اور ایران پر حملوں کی فوری مذمت کی، بریفنگ، شرکا کو ایران کی جانب سے خلیجی اور عرب ممالک پر حملوں کے بعد پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔ ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ افغان، ایران اور مشرق وسطیٰ سمیت علاقائی و عالمی صورتحال پر حکومتی ان کیمرا بریفنگ میں شرکت سے متعلق اپوزیشن تقسیم ہوگئی۔ مولانا فضل الرحمان نے دعوت قبول کرلی جبکہ تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی سے عدم ملاقات کو جواز بنا کر بریفنگ میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔