ٹیپو ٹرکاں والا قتل کیس دہشت گردی نہیں ،سپریم کورٹ


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے ٹیپو ٹرکاں والا قتل کیس میں مرکزی مجرم خرم اعجاز کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کرنے کا فیصلہ برقراررکھا،دہشتگردی کی تمام دفعات ختم ،شریک ملزم سید احسن شاہ کی بریت کےخلاف اپیل مسترد کر دی۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے 9 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہااحسن شاہ کا نام ایف آئی آر میں نہیں تھا، شک کا فائدہ دےکر بریت کا فیصلہ درست ہے، ٹیپو ٹرکاں والا قتل کیس دہشتگردی نہیں ،ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے، محض عوامی جگہ پر قتل ہونا دہشت گردی کے زمرے میں نہیں آتا۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا استغاثہ ٹیپو ٹرکاں والا کے قتل کا ٹھوس محرک ثابت کرنے میں ناکام رہا، قانون کے مطابق اگر قتل کی وجہ ثابت نہ ہو تو سزائے موت نہیں دی جا سکتی ۔