اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اپوزیشن اتحاد مذاکرات پر رضا مند،حکومت کو مثبت جواب دینے کافیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق فیصلہ اسلام آباد میں ہونےوالی مشاورتی نشست میں کیا گیا، اجلاس میں محموداچکزئی، علامہ راجہ ناصر عباس، شاہد خاقان عباسی ،مصطفی نواز کھوکھرودیگر نے بھی شرکت کی،رانا ثنا کے بیانات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا، سلمان اکرم راجہ، شاہد خاقان عباسی و دیگر نے اپوزیشن قیادت کو حکومت سے رابطے کامشورہ دیا،محمود اچکزئی ،علامہ راجہ ناصر عباس اپوزیشن اتحاد کے فیصلوں کے بعد مذاکراتی عمل پر پیشرفت کریں گے ،اہم حکومتی شخصیات سے رابطہ کیاجائےگا۔
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا مفاہمت و مذاکرات سے مسائل کا حل چاہتے ہیں لیکن حکومت کو بھی اپنا رویہ درست کرنا ہوگا، بار بار کہتے ہیں ایک قدم آگے بڑھیں گے تو دو قدم ساتھ دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے کہا عمران خان کے دئیے گئے مینڈیٹ کے مطابق بات ہوگی،حکومت کو مذاکرات کا جواب دیں گے،پاکستان ،آئین کےلئے بات چیت کی حامی بھری،دریں اثنا تحریک تحفظ آئین پاکستان نے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اعلامیے کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ذاتی معالجین ڈاکٹر فیصل سلطان اورعاصم یوسف سے معائنہ کرانے کی اجازت ،وکلا،اہلخانہ تک رسائی پر پابندیاں فوری ختم کی جائیں، صحت پر مجرمانہ غفلت سیاسی بحران کو سنگین بنا سکتی ہے،حکومت کی جانب سے طبی رپورٹس خفیہ رکھنے پر شدید تشویش ،صاحبزادہ حامد رضا سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیاجائے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان نے ملک بھر خصوصاً خیبر پختونخوا ،بلوچستان میں دہشتگردی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہادہشتگردی کے خاتمے کیلئے جامع قومی حکمت عملی تشکیل دی جائے،ایران پر ممکنہ امریکی حملے کی دھمکیوں پر شدید تشویش ہے،معاشی ،قانونی بحران کے حل کیلئے جامع پالیسی تجاویز لائیں گے۔
اپوزیشن اتحاد مذاکرات پررضا مند،حکومت کو مثبت جواب دینے کا فیصلہ
















