10 روپے کے نوٹ کی جگہ سکہ متعارف کرانے پر غور شروع
کراچی :(بیورورپورٹ) 10 روپے کے نوٹ کی جگہ سکہ متعارف کرانے کی اصولی منظوری پر غور شروع کر دیاگیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت کو10روپے کا سکہ متعارف کرانے سے 40سے 50ارب کی ممکنہ بچت ہوگی،وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے کرنسی مینجمنٹ رپورٹ کابینہ کو بھجوادی،رپورٹ سٹیٹ بینک ،سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن قوانین کے تحت تیار ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق 10روپے کے نوٹ کی اوسط عمر صرف 6 سے 9 ماہ ،سکے کی اوسط عمر 20 سے 30 سال ہے، ملک میں ہرسال چھپنے والے مجموعی نوٹوں کا تقریباً 35 فیصد حصہ 10 روپے کے نوٹ پرمشتمل ہے، سکہ تیار کرنے کی لاگت زیادہ مگر دہائیوں تک دوبارہ تیار کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی،سفارش کی گئی سٹیٹ بینک مرحلہ وار 3 سال میں 10 روپے کے نوٹ کی چھپائی بند کردے، نوٹ کو مرحلہ وار ختم کرنا سٹیٹ بینک ایکٹ کے تحت قانونی عمل ہے۔
















