اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے افغان سرزمین سے پاکستان کےخلاف دہشتگردی اب کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ،کرک میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے قافلے پر بزدلانہ حملہ، شکردرہ (کوہاٹ) میں ڈی ایس پی اسد محمود سمیت اہلکاروں کی شہادت اور بھکر میں خودکش دھماکہ ثبوت ہیں ریاست پاکستان کو منظم سازش کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اپنے بیان میں طارق فضل چودھری نے کہا رمضان جیسے مقدس مہینے میں معصوم جانوں کا خون بہانا دلیل دہشتگردوں کا اسلام ،پختون روایات سے کوئی تعلق نہیں،شرپسند عناصر اپنے خودساختہ نظریات کی تکمیل کےلئے انسانیت کی ہر حد پار کرنے کو تیار ہیں،بارہا مطالبہ کیا گیا افغان سرزمین کو فتنہ الخوارج و دیگر دہشتگرد گروہوں کےلئے استعمال نہ ہونے دیا جائے مگر برعکس پاکستان کےخلاف کھلی جارحیت اور دراندازی خودمختاری کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا ریاست پاکستان واضح کرنا چاہتی ہے قومی سلامتی، وقار اور عوامی جان و مال کا تحفظ ہر سیاسی وابستگی و مفاد سے بالاتر ہے، جنگ کا جواب مکمل قومی اتحاد، عوامی حمایت اور فولادی عزم سے دیا جائے گا،سکیورٹی فورسز ، قانون نافذ کرنےوالے ادارے قوم کی مکمل تائید کےساتھ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلئے پرعزم ہیں،وقت کا تقاضا ہے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر دشمن کے مذموم عزائم کا مقابلہ کریں، پاکستان کےخلاف ہونے والی دہشتگردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،افواج مستعد ہیں اور ہر قربانی کا حساب لیا جائے گا۔
افغان سرزمین سے دہشتگردی اب کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں،طارق فضل
















