محسن نقوی سے رابطہ،پاکستان کیساتھ کھڑے رہیں گے،بحرینی وزیر داخلہ
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر داخلہ محسن نقوی سے بحرین کے ہم منصب راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے ٹیلیفونک رابطہ کرکے اسلام آباد خودکش دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت،قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین ، متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
بحرین وزیر داخلہ نے کہامسجد پر حملہ صرف پاکستان نہیں ،انسانیت کےخلاف حملہ ، بحرین ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتا اور مشکل گھڑی میں پاکستان کےساتھ کھڑا ہے،دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کی عظیم قربانیاں قابل ستائش ہیں،محسن نقوی نے یکجہتی کے پیغام پر بحرینی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا بحرین نے ہمیشہ ہر آزمائش میں پاکستان کا ساتھ دیا،پاکستان نے دنیا کو محفوظ بنانے کےلئے بے پناہ قربانیاں دیں، وقت آ گیا اقوام عالم دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کےساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہو،عالمی سطح پر دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کےلئے مربوط اور موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
دریں اثنا وزیر داخلہ محسن نقوی ،وزیر مملکت طلال چودھری سے امریکی معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیا جان مارک پومرشائم نے اہم ملاقات کی ،علاقائی صورتحال، داخلی سکیورٹی و معاشی شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،امریکی سفیر نیٹلی بیکر، وفاقی سیکرٹری داخلہ و دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے،فریقین نے انسداد دہشتگردی اور داخلی سکیورٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کیا۔
محسن نقوی نے کہا دہشتگردی عالمی چیلنج ،خاتمے کےلئے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے ،امریکہ کےساتھ تعلقات کلیدی حیثیت رکھتے ہیں،پاکستان میں امریکی سرمایہ کاروں کو محفوظ ترین ماحول فراہم کیا جائےگا۔



















