اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے کاروباری برادری کے کردار کو دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کے فروغ میں کلیدی قرار دیتے ہوئے یقین دلایا ہے کاروبار کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا، دونوں ممالک کے سرمایہ کار کاروباری مواقع سے استفادہ کرکے عالمی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنا سکتے ہیں، نجی شعبوں کے درمیان 3 ارب 40 کروڑ ڈالر کے سمجھوتوں پر عملدرآمد اہم پیشرفت ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان ازبکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شہباز شریف نے کہا تاشقند بزنس فورم انتہائی تعمیری ثابت ،اصلاحات اور اقدامات کے نتیجے میں دوطرفہ تجارتی حجم بڑھ کر 450 ملین ڈالر تک پہنچ گیا،پاکستان، ازبکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات و تجارتی روابط میں اضافہ خوش آئند،نجی شعبوں کے درمیان 3 ارب 40 کروڑ ڈالر کے سمجھوتوں پر عملدرآمد اہم پیشرفت ہے۔
وزیراعظم نے کہا باہمی اقتصادی تعاون ، سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے بزنس فورم موثر پلیٹ فارم ،باہمی تجارتی حجم 2 ارب ڈالر تک لے جانے ،سائنس و ٹیکنالوجی، توانائی، زراعت، ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا،دونوں ممالک میں باہمی تجارت کے مزید فروغ کی صلاحیت موجود ہے،مہنگائی کی شرح کو 30 فیصد سے کم کر کے سنگل ڈیجٹ پر لائے ،پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی ہوئیے،2023 میں اقتصادی حالت خراب تھی، معاشی چیلنجز پر کامیابی سے قابو پایا ۔
شہبازشریف نے آئی ٹی شعبے کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا 2025میں18 فیصد اضافے کےساتھ برآمدات 3.8 ارب ڈالر ممکن ہوئیں،ازبکستان کے صدر کی قابلیت، ویژن ،غیرمتزلزل عزم سے استفادہ چاہتے ہیں،ازبک قیادت نے 85 لاکھ افراد کو غربت سے نکالا، بیروزگاری میں کمی کی گئی،ازبکستان میں چاول ،آلو کی مانگ کو پورا کیا جائےگا، چمڑے کی مصنوعات، مائنز اینڈ منرلز، حلال گوشت سمیت پاکستان کئی اشیا برآمد کر سکتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان کے ٹیکسٹائل برآمد کنندگان ازبکستان میں پلانٹس لگانے کے خواہاں ہیں، ٹیکسٹائل پلانٹس سے دونوں ممالک کو معاشی فائدہ ہوگا،پاکستان قدرتی وسائل سے بھرپور ملک ہے، ازبکستان فائدہ اٹھا سکتا ہے،ازبک کمپنیوں کو سرمایہ کاری کا محفوظ ، پرکشش ماحول فراہم کریں گے،ازبک تاجر تجارتی تجاویز لائیں، بیورو کریسی کسی قسم کی رکاوٹ کا باعث نہیں بنے گی،کاروبار کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائےگا اور کاروبار کو سرخ فیتے کی نذر نہیں ہونے دیں گے،سیاحت کے فروغ کےلئے پی آئی اے کی پروازیں بڑھائےں گے۔
ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہاکاروباری طبقہ دونوں ممالک کے مابین رابطے کا ذریعہ ، اقتصادی تعلقات میں کلیدی کردار کا حامل ہے، ہر طرح کی سہولیات فراہم ،رکاوٹیں دور کریں گے،کاروباری برادری ،سرمایہ کارمسائل ،رکاوٹوں کی نشاندہی کریں، باہمی شراکت کے ذریعے آگے بڑھتے ہوئے دونوں ممالک استفادہ کر سکتے ہیں۔
شوکت مرزائیوف نے کہا اپنے بھائی وزیراعظم شہباز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کا معترف ہوں، پاکستان ،ازبکستان کے درمیان تعلقات کثیر الجہتی شکل اختیار کر چکے ، بزنس فورم میں معاہدوں پر عملدرآمد سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،ازبک حکومت اور عوام پاکستان سے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دونوں ممالک کے سرمایہ کار ،تاجر ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو رہے ہیں، بزنس فورم ،دورے سے دونوں ممالک میں تجارتی تعاون کو وسعت ملے گی۔
ازبک صدر نے طے پانے والے باہمی سمجھوتوں پر موثر عملدرآمد کےلئے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ازبکستان میں کاروباری سرگرمیوں کےلئے سازگار ماحول دستیاب ہے،پاکستانی سرمایہ کارآئیں اور مارکیٹ کا جائزہ لیں، دونوں ممالک کے سرمایہ کار مل کر کام کریں تو عالمی مارکیٹ میں اپنا مقام پیدا کر سکتے ہیں،پاکستان کو آلات جراحی ،ادویات کی تیاری میں تعاون فراہم کریں گے، ٹیکسٹائل میں پاکستانی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
شوکت مرزائیوف نے پاکستانی تاجروں کو 10 سال کےلئے ٹیکس استثنیٰ دینے ،دونوں ممالک کے مابین پروازیں بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاصحت کے شعبے میں بھرپور تعاون کےلئے تیار ہیں، 2026 باہمی تعاون پر مبنی شراکت داری کے فروغ کا سال ہوگا۔
بزنس فورم کے دوران پاکستان ،ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے سمجھوتوں کا تبادلہ ہوا ،ٹیکسٹائل مصنوعات کی پیداوار ،برآمدات کا فروغ، تاشقند لیدر زون کا قیام، معدنیات ،کان کنی کے شعبوں میں تعاون ،زراعت، لائیو سٹاک، ڈیری فارمنگ اور طبی شعبے میں باہمی تعاون کی دستاویزات کا تبادلہ شامل ہے۔
ازبکستان نے پاکستانی تاجروں کو10 سال کیلئے ٹیکس استثنیٰ دینے کااعلان کردیا


















