پاکستانیوں کے دل کشمیری بھائیوں اور بہنوں کیساتھ دھڑکتے ہیں: بلاول بھٹو

کراچی (مشرق نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی بربریت اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیںلیکن اسکے باوجود مظلوم کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے، دنیا کی کوئی طاقت مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کی منزل کے حصول سے نہیں روک سکتی۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کے دل اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، وہ ان کی جدوجہدآزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کو شہید بینظیر بھٹو نے آگے بڑھایا اور اپنے دور حکومت میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر قرار دیا، اس دن کا مقصد مسئلہ کشمیر کو نئی جہت دینا اور آزادی کی جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس مسلسل بے حسی نے جمہوری اقدار اور عملی روئیوں کے درمیان واضح خلیج کو بے نقاب کر دیا ہے، عالمی برادری اپنی بے حسی ترک کر کے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے اور بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غیرمتزلزل عزم کے ساتھ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کشمیریوں کی آزادی، وقار اور انصاف کے حصول تک ہر فورم پر ان کی آواز بلند کرتی رہے گی۔