مظفر آباد:(بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے دوٹوک پیغام دیتے ہوئے واضح کیا ہے بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیں گے،معرکہ حق میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت پراکسیز کے ذریعے دہشتگردی کر رہا ہے، بھارت کے سازشیں ترک کرنے تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا،بھارت کے پاس کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، آزاد کشمیر میں کوئی بھی حکومت ہو، میرا فرض ہے آگے بڑھ کر تعاون کروں، تعاون میں کسی قسم کی کمی نہیں آئے گی،ان خیالات کااظہار انہوں نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شہبازشریف نے کہا برہان وانی ، سید علی گیلانی ، آسیہ اندرابی ، یاسین ملک ، میر واعظ عمر فاروق سمیت تمام کشمیری رہنماوں ،خواتین ، بچوں ،بزرگوں نے جدوجہد کی تاریخ رقم کردی،قربانیوں سے کشمیر کی دھرتی سرخ ،بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ، دنیا کو بتادیا کشمیر بھارت کا حصہ تھا نہ ہے نہ ہوگا،کشمیر کو قائد اعظم نے پاکستان کی شہ رگ قرار دیا یہی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے، تنازع کشمیر کا پائیدار حل صرف اور صرف کشمیری عوام کی امنگوں ،سلامتی کونسل قراردادوں پر عمل سے ہی ممکن ہے، پاکستان کشمیریوں کو حق ملنے تک حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان نے معرکہ حق میں بھارت کا غرور خاک میں ملایا ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے ایسا سبق سکھایا دشمن کی نسلیں بھی کبھی بھول نہ پائیں گی، معرکہ حق صرف افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی فتح نہیں بلکہ کشمیری عوام کی قربانیوں کی بھی فتح ہے،معرکہ حق کے بعد کشمیر کاز پوری دنیا میں پوری قوت سے زندہ ، بھارت کا جھوٹابیانیہ دفن ہونا سفارتی کامیابی ہے،بھارت نے ذلت آمیز شکست کے بعد اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی تیز کردی ،مسلح افواج ،سکیورٹی فورسز بھارتی پراکیسز کا حشر بھی طیاروں جیسا کریں گی ،امن برابری و انصاف کی بنیاد پر چاہتے ہیں ، بھارت کواسی کی زبان میں جواب ملے گا۔
شہبازشریف نے کہا کشمیری ،فلسطینی عوام کو مرضی سے جینے کا حق ملنا دنیا کا امتحان ہے، بین الاقوامی قوانین و اصول حق کی حمایت کرتے ہیں ، پاکستان نے اسلامی ممالک کےساتھ مل کر غزہ میں امن قائم کرنے کےلئے عملی قدم اٹھایا ، فلسطین و کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر رہتے ہوئے پاکستان تنازعات کے پائیدار حل کےلئے فعال و متحرک و عملی کردار ادا کرتا رہے گا،پاکستان کی طرح آزاد کشمیر کی ترقی بھی بے حد عزیز ہے ،حکومت سے تعاون کرتے رہیں گے۔
وزیراعظم نے مہاجرین کا وظیفہ 3500 سے بڑھا کر 6 ہزار ماہانہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاقائد نوازشریف کے ویژن کے مطابق کشمیر کاز ، قومی ترقی کے اہداف حاصل کریں گے، کشمیر نوجوانوں کی تکنیکی تعلیم کیلئے دانش یونیورسٹی کا سب کیمپس مظفرآباد میں قائم کیا جائےگا، مظفر آباد میں اسلام آباد طرز کا خدمت سنٹر بھی بنائیں گے، 65 خدمات ایک چھت تلے مہیا ہو ں گی،رواں ماہ مزید 1700 آزاد کشمیر کے طلبہ کو لیپ ٹاپس ،ایجوکیشن انڈونمنٹ فنڈ کے تحت تعلیمی وظائف کا اعلان دیں گے۔
کشمیر بنے گا پاکستان، بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیں گے،وزیراعظم


















