پاک قازق متعدد معاہدے،اقتصادی شعبے میں 5 سالہ روڈ میپ پر اتفاق

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان قازقستان میں متعدد معاہدے،سیاسی، معاشی، دفاعی و عوامی روابط بڑھانے،اقتصادی شعبے میں 5 سالہ روڈ میپ پر اتفاق،سٹریٹجک پارٹنرشپ قائم،دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت ایک ارب ڈالر تک لےجانے کے عزم کا اعادہ کرلیا۔

مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں ،معاہدوں کی تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف ،صدر قاسم جومارت توکایووف نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے،کان کنی،پٹرولیم ،میری ٹائم، کسٹم، ریلوے، ٹرانزٹ ٹریڈ، پلانٹ پراٹیکشن ،ویٹرنری، مصنوعی ذہانت ،ڈیجیٹل ترقی کے شعبے،اقوام متحدہ امن دستوں اور قیدیوں کے تبادلے سمیت متعدد معاہدوں کی دستاویز کا تبادلہ کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا اپنے بھائی صدر قازقستان ،وفد کا خیر مقدم کرتے ہیں، دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کونئی جہت دینے کیلئے بہت اہم ہے، قازقستان کے کسی صدر نے 23 سال بعد پاکستان کا دورہ کیا،صدر قاسم جومارت توکایووف کےساتھ تعمیری و مثبت گفتگو ہوئی، طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں ،معاہدوں کو عملی شکل دینے کیلئے پرعزم ہیں، معاہدوں کے حقیقت کا روپ دھارنے سے معاشی و ثقافتی تعاون میں اضافہ ہوگا،غزہ میں امن کی بحالی ،تعمیر نو کیلئے بورڈ آف پیس اہم فورم ، دعاگو ہوں غزہ میں مستقل امن ہو،خوشحالی آئے، پاکستان ،قازقستان غزہ بورڈ آف پیس کے بھی رکن ہیں۔

شہباز شریف نے کہا دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے بہت مواقع ، ایک سال میں دوطرفہ تجارت کو ایک ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ، صدر قازقستان کیلئے نشان پاکستان کا اعزاز قریبی تعلقات کا عکاس ہے،مشترکہ کوششوں سے اقتصادی ،تجارتی تعاون کے اہداف حاصل کریں گے، پاکستان ،قازقستان توانائی شعبے میں بھی تعاون کو مزید فروغ دے سکتے ، تعاون کی نئی راہیں تلاش کریں گے۔

قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف نے کہا شاندار استقبال ، مہمان نوازی پر حکومت پاکستان ،عوام کا مشکور ہوں، پاکستان قازقستان کا قابل اعتماد شراکت دار ہے، دوست ملک پاکستان کے دورے پر بہت خوشی ہوئی، دونوں ممالک مشترکہ اقدار،روایات کے امین ہیں،مشترکہ اعلامیہ اور معاہدے دوطرفہ تعلقات کیلئے اہمیت کے حامل ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط بنانے میں وزیراعظم شہبازشریف کا کردار اہم ہے، خطے میں امن وامان کیلئے پاکستان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔

صدر قاسم جومارت توکایووف نے کہا دفاع کے شعبے میں بھی پاکستان کی ترقی عالمی سطح پر تسلیم کی جاتی ہے، وزیراعظم شہبازشریف سے بہت مثبت ،تعمیری بات چیت ہوئی، ایک ارب ڈالر کا تجارتی ہدف حاصل کرنے کیلئے ملکر آگے بڑھیں گے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت ومعیشت کے شعبے میں تعاون کو فروغ مل رہا ہے،پیداواری شعبے میں پاکستان کو پروڈکشن پلانٹ لگانے کی دعوت دیتے ہیں، دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہے،وزیراعظم شہبازشریف کو قازقستان کے دورے کی دعوت دی۔

دریں اثنابزنس فورم میں پاکستان ، قازقستان نے باہمی اقتصادی تعلقات ،تجارتی حجم کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ 2 سال میں تجارتی حجم ایک ارب ڈالر تک لے جانے پر زور ددیتے ہوئے تجارت و اقتصادی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کےلئے 5 سالہ روڈ میپ پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے وسط ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی کے مواقع سے استفادہ کرنے، ریل ،روڈ رابطوں کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے 37 سمجھوتے دوطرفہ تعاون میں سنگ میل ثابت ہوں گے، پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کو تجارت کےلئے اپنی بندرگاہوں کے ذریعے قریب ترین راستہ فراہم کر سکتا ہے، قازقستان کےساتھ ریل ،روڈ رابطے کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں، گیم چینجر منصوبہ نہ صرف پاکستان اور قازقستان بلکہ خطے کی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے،موجودہ تجارتی حجم اصل صلاحیت سے بہت کم ،دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی درست عکاسی نہیں کرتا، پاکستان ،قازقستان کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں، تجارتی حجم ایک ارب ڈالر تک لے جانے کےلئے پرعزم ہیں ،ہدف حاصل کرنے کےلئے ہرممکن اقدامات کریں گے۔

شہبازشریف نے کہا دورہ قازقستان کی دعوت قبول کرلی،دونوں ممالک نے تجارت ، اقتصادی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کےلئے 5 سالہ روڈ میپ پر اتفاق کیا ،احسن اقبال پاکستانی سائیڈ ، قازقستان کے نائب وزیراعظم قازقستان کی طرف سے سربراہی کریں گے،چیلنجز کو قبول کرتے ہوئے دوستانہ، کاروباری و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا وقت ہے۔

قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف نے خطاب کرتے ہوئے کہا بزنس فورم کے انعقاد پر وزیراعظم شہباز شریف کا مشکور ہوں، دوطرفہ تعلقات کو تزویراتی شراکت داری میں بدلنا اہم سنگ میل ہے، دونوں ممالک نے اقتصادی ، تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لےجانے کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے سیاحت، زراعت، تعلیم، آئی ٹی، صحت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا ،باہمی تجارتی حجم کو ایک ارب ڈالر تک لےجانے کےلئے پرعزم ہیں،بین الحکومتی کمیشن کے ذریعے بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دیا جائے گا، قازقستان میں کاروبار کےلئے وسیع ،پرکشش مواقع موجود ،کئی پاکستانی کمپنیاں استفادہ کر رہی ہیں، پاکستانی کمپنیوں کو قازقستان میں کاروبار کےلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔

قاسم جومارت توکایووف نے پاکستان ،قازقستان کو علاقائی اور عالمی رابطوں کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا دونوں ممالک کے درمیان تعاون خطے کے لئے خوش آئند ہے،قازقستان، ترکمانستان، افغانستان، پاکستان ٹرانسپورٹ کوریڈور لاجسٹکس ، کارگو کا جدید نظام علاقائی اور عالمی رابطوں کےلئے معاون ہوگا۔

قبل ازیں قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کووزیراعظم ہاوس میں پروقار استقبالیہ تقریب میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنماوں کے درمیان مصافحہ ،خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا، تقریب کے آغاز پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے،صدر قازقستان نے وزیراعظم ہاوس کے احاطے میں یادگاری پودا بھی لگایا۔