قازقستان کے صدر کا شاندار استقبال ،21توپوں کی سلامی،اہم معاہدے متوقع

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)قازقستان کے صدر کا پاکستان آمد پر شاندار استقبال،21توپوں کی سلامی دی گئی۔

قاسم جومارت توکایووف نورخان ایئر بیس پہنچے تو صدر،وزیراعظم نے پرتپاک استقبال کیا،استقبالیہ تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی کابینہ کے اراکین ،اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے، قازقستان کے صدر نے طیارے سے باہر آتے ہی صدر،روزیراعظم سے گرمجوش مصافحہ کیا،روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے معزز مہمان کو پھول پیش کیے ۔

دونوں ممالک کے پرچم تھامے بچوں نے صدر توکایووف کا خیرمقدم کیا، قازقستان کے صدر نے ہاتھ ہلا کر بچوں کے استقبال کا جواب دیا،صدر قاسم جومارت توکایووف کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی، استقبالیہ تقریب کے دوران صدر مملکت، وزیراعظم اور قازقستان کے صدر کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

دورے کے دوران قازقستان کے صدرآصف زرداری،شہبازشریف سے ملاقاتیں ،پاکستان قازقستان بزنس فورم سے خطاب کریں گے،دونوں ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں ، معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاصدر قازقستان کا دورہ دوطرفہ تعلقات کے جائزے ،تعاون کے نئے امکانات پر غور میں معاون ہوگا، تجارت، لاجسٹکس، علاقائی و عوامی روابط کے فروغ کے امکانات تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔