داتا دربار روحانی سکون، برداشت اور ہم آہنگی کا عظیم مرکز ہے: نوازشریف

لاہور (نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حضرت علی ہجویریؒ کا مزار روحانی سکون، برداشت اور ہم آہنگی کا عظیم مرکز ہے۔ اس مقدس مقام پر آنے والے زائرین کی خدمت ایک قومی ذمہ داری ہے جبکہ زائرین کی جان و مال کے تحفظ سمیت زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ داتا دربار کے تقدس، تاریخی ورثے اور روحانی ماحول کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز مزار پر انوار حضرت علی بن عثمان الہجویری کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، میاں حسین نواز، میاں حسن نواز، جنید صفدر اور علی ڈار بھی موجود تھے۔سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا کہ ہر سال ملک بھر سے اور بیرون ملک سے لاکھوں زائرین داتا دربار آتے ہیں۔ حکومت اس بات کیلئے پرعزم ہے کہ زائرین کو جدید سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ مزار کی مذہبی اور ثقافتی اہمیت کو مکمل طور پر برقرار رکھا جائے۔ قبل ازیں میاں نواز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مزار پر انوار حضرت داتا گنج بخشؒ پر حاضری دی، عقیدت کے پھول نچھاور کئے، فاتحہ خوانی کی، چادر چڑھائی اور پھول نچھاور کیے۔ اس موقع پر میاں حسین نواز نے ملک و ملت کی سلامتی، سر بلندی، اسکی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت، مملکت خداداد میں امن، سلامتی، خوشحالی اور استحکام کیلئے دعا کروائی۔اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ داتا دربار کی توسیع و ترقی کا منصوبہ ایک اہم اور تاریخی منصوبہ ہے جس کا مقصد لاکھوں زائرین کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ایسے منصوبے مذہبی ورثے کے تحفظ اور عوام کو جدید و بہتر خدمات فراہم کرنے کے حکومتی وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔ قبل ازیں داتا دربار کمپلیکس پہنچنے پرسیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے گلدستہ پیس کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف شاہد حسن کلیانی، ایڈمنسٹریٹر محمد علی خان، منیجرز گوہر مصطفی، نعمان سیفی، زاہد انور سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ڈاکٹر احسان بھٹہ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو داتا دربار کے توسیعی منصوبے اور جاری ترقیاتی کاموں کی تازہ ترین پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔سابق وزیراعظم نواز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کام کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور اس اہم منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے ان کی محنت، لگن اور وابستگی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔