لاہور (وقائع نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کرتے ہوئے کہا غزہ فوج بھیجنے کے مسئلہ پر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں سے رابطے کریں گے، قومی پالیسی کے انحراف پر مبنی حکمرانوں کا یکطرفہ فیصلہ قوم کسی صورت قبول نہیں کرے گی،ٹرمپ کا مجوزہ غزہ امن بورڈ عالمی امن کو مزید تباہی سے دوچار کرے گا،منصورہ کی جامع مسجد میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے سود پر مبنی قومی معیشت، آئی پی پیز مہنگے معاہدوں ، افسر شاہی کے تسلط، سیاسی پارٹیوں میں خاندانی اجارہ داری ، کراچی اور سندھ کی تباہ صورتحال اور پنجاب کے عوام دشمن بلدیاتی نظام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور قوم سے اپیل کی فرسودہ نظام کی تبدیلی کی جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، جماعت اسلامی قوم اور امت کے اتحاد کےلئے کوشاں ہیں اور دکھی انسانیت کے حق میں بھرپور آواز بلند کررہی ہے، اسلام کا عادلانہ نظام ہی انسانیت کے دکھوں کا مداوا ہے،حافظ نعیم الرحمن نے حکمران اور اپوزیشن پارٹیوں پر زور دیا ٹرمپ کی خوشنودی کی بجائے اللہ پر اعتماد کریں ، قومی پالیسیاں امریکہ کی خوشامد کی بجائے قوم کے وقار کو مدنظر رکھ کر تشکیل دی جائیں، پاکستان گزشتہ 25برس سے امریکی جنگ میں شمولیت کا خمیازہ بھگت رہا ہے، قبائلی علاقوں کا امن آج بھی تباہ ہے، معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، ملک میں بھارتی ایجنسی ”را“ اور سی آئی اے کے اڈے قائم ہوئے ، ہزاروں معصوم لوگوں اور سکیورٹی اہلکاروں کی جانیں گئیں، حکمران قوم کو مزید مشکلات میں مبتلا نہ کریں۔
جماعت اسلامی کا فوج غزہ بھیجنے پر سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطوں کا اعلان


















