داخلی سلامتی، قانون کی حکمرانی کےلئے مضبوط، عوام دوست پولیس ناگزیر ہے، فیلڈ مارشل
راولپنڈی:(بیورورپورٹ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈمارشل سید عاصم منیرنے کہا ہے مضبوط، پیشہ ور اور عوام دوست پولیس داخلی سلامتی ،قانون کی حکمرانی کےلئے ناگزیر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کا دورہ کیا، فیلڈ مارشل نے پولیس سروس آف پاکستان کے افسروں سے ملاقات اور تبادلہ خیال کیا، وزیر داخلہ اور وزیر مملکت برائے داخلہ بھی موجود تھے،نیشنل پولیس اکیڈمی پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی نے پرتپاک استقبال ،چاق و چوبند پولیس دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا،ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل نے پولیس شہداءکی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی ، امن و امان کے قیام، قانون کی بالادستی ، عوام کے تحفظ کےلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنےوالے پولیس شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سید عاصم منیر نے دہشت گردی، جرائم اور داخلی سلامتی کے چیلنجز کے مقابلے میں پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانیوں کو سراہا،دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو سکول فار ہائی امپیکٹ ایلیٹ لا انفورسمنٹ ڈیولپمنٹ (SHIELD) سمیت پولیس کی تربیتی سرگرمیوں، استعداد کار میں اضافے اور جدیدیت سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل نے کیڈٹ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ASPs) سے بھی ملاقات کی، سید عاصم منیرنے کہا پولیس شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ میں پہلی دفاعی لائن کی حیثیت رکھتی ہے، فیلڈ مارشل نے ادارہ جاتی تعاون، جدید پولیسنگ طریقہ کار اور عوامی اعتماد کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
سید عاصم منیر نے کہا مضبوط، پیشہ ور اور عوام دوست پولیس فورس داخلی سلامتی اور قانون کی حکمرانی کےلئے ناگزیر ہے، امن و امان کا قیام مقدس ذمہ داری ہے، افواج ہمیشہ بہادر اور وقار پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی،سینئر پولیس قیادت نے پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے، پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافے اور موجودہ سلامتی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے ضروری ادارہ جاتی اصلاحات کے عزم کا اعادہ کیا۔


















