ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے اندرون لاری اڈا، جوگی چوک پارکنگ اور جنرل بس سٹینڈ جی ٹی روڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا تنویر قیصر سندھو، چیف میونسپل آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور آر ٹی اے سیکرٹری واصف یاسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر نے اندرون لاری اڈا کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے، جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر قائم تجاوزات فوری طور پر ہٹائی جائیں۔ اس کے علاوہ جوگی چوک میں پارکنگ کیلئے مختص جگہ کا بھی معائنہ کیا گیا۔ بعد ازاں کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے جنرل بس سٹینڈ جی ٹی روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بس سٹینڈ میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ مسافروں کو سفر کے دوران کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ میں مردوں اور خواتین کیلئے علیحدہ علیحدہ واش رومز، مسافر خانہ بنانے سمیت الیکٹرک لائٹس پولز اور پورے احاطے میں لگنے والی ٹف ٹائلز کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور مقررہ مدت میں منصوبوں کو مکمل کیا جائے۔ انہوں نے بس سٹینڈ پر مسافروں کی سہولت کیلئے کینٹین قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ترجیح ہے : کمشنر ساہیوال
















