سٹیٹ بینک قرض فراہمی کا طریقہ کار مزید سہل بنانے کیلئے اقدامات کرے، شہبازشریف


اسلام آباد :(بیورورپورٹ) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے سٹیٹ بینک قرض فراہمی کا طریقہ کار مزید سہل بنانے کیلئے اقدامات کرے، زراعت شعبے میں جدت کے فروغ کیلئے سروس پرووائڈرز کو ترجیحی بنیادوں پر قرض کی فراہمی یقینی بنائی جائے،معاون خصوصی ہارون اخترسمیڈا ٹیم کے ہمراہ گلگت بلتستان ،کشمیر سمیت تمام صوبوں کا دورہ اور چھوٹے و درمیانے پیمانے کے کاروبار کی سہولت کیلئے صوبوں کے ساتھ ملکر جامع پالیسی سازی کریں۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا ترقی یافتہ ممالک میں ایس ایم ایز معیشت ،صنعتی شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں،نوجوانوں کو انٹرپرینیورشپ کی تربیت فراہم کی جائے تاکہ نئے کاروبار شروع ہوں اور ملکی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو،نجی شعبے بالخصوص ایس ایم ایز و چھوٹے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے قرض کی فراہمی میں سہولت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا برآمد کنندگان کوٹیکس ری فنڈ پر کوئی کوتاہی قابل قبول نہیں،برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کا حصول ترجیح ہے،برآمدات خصوصاً زرعی برآمدات میں اضافے و تجارتی خسارے میں کمی کیلئے لا ئحہ عمل تیار ،رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کےساتھ ملکر حکمت عملی ترتیب دی جائے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف جمعرات کوکوئٹہ کا دورہ کریں گے،دانش سکول کا افتتاح ،امن اومان کے اجلاس کی صدارت ،اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے۔