اسلام آباد:(بیورورپورٹ)غزہ میںبگڑتی انسانی صورتحال پر سخت تشویش،امدادی کام میں رکاوٹ قبول نہیں،پاکستان سمیت8 مسلم ممالک نے اعلامیہ جاری کر دیا۔
پاکستان، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہاغزہ کی پٹی میں انسانی بحران شدید موسمی حالات، مسلسل بارشوں اور طوفانوں کے باعث سنگین ،ناکافی انسانی امداد، بنیادی ضروریات کی شدید قلت ،بنیادی سہولیات کی بحالی کےلئے درکار سامان کی سست رفتار ترسیل نے صورتحال کو مزید خراب کردیا ،19 لاکھ بے گھر افراد ناکافی عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
کہا گیازیر آب خیمے، متاثرہ عمارتوں کا گرنا، سرد موسم و غذائی قلت نے عام شہریوں خصوصاً بچوں، خواتین، بزرگوں ، بیمار افراد کی زندگیوں کو شدید خطرات سے دوچار کردیا،بیماریوں کے پھیلاو کا خدشہ بھی بڑھ گیا،وزرائے خارجہ نے کہااسرائیل اقوام متحدہ ،بین الاقوامی این جی اوز کو غزہ ،مغربی کنارے میں بلا رکاوٹ، مسلسل و محفوظ انداز میں کام کرنے کی اجازت دے،امدادی اداروں کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوئی بھی کوشش ناقابل قبول ہے۔
مشترکہ بیان میں سلامتی کونسل قرارداد اور صدر ٹرمپ کے جامع منصوبے کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا وزرائے خارجہ جنگ بندی کے تسلسل، غزہ میں جنگ کے خاتمے، فلسطینی عوام کو باعزت زندگی کی فراہمی ،خودمختاری و ریاست کے قیام کےلئے قابل اعتماد راستہ ہموار کرنے کےلئے منصوبوں کے موثر نفاذ میں اپنا کردار ادا کریں گے،عالمی برادری قانونی و اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے،تمام پابندیاں فوری ختم کی جائیں۔
غزہ کی صورتحال پر تشویش،امدادی کام میں رکاوٹ قبول نہیں،مسلم ممالک


















