لاہور (نوید چودھری) صوبائی دارالحکومت میں رواں سال کے اختتام تک خلع کے معاملات نہ صرف نمایاں حیثیت میں سامنے آئے بلکہ مقدمات کے فیصلوں اور سرٹیفکیٹس کے اجرا میں بھی قابل ذکر پیشرفت سامنے آئی ہے۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق لاہور کی فیملی کورٹس میں مجموعی طور پر 6747 خلع کے مقدمات درج ہوئے، جن میں سے 6036 مقدمات پر خلع کے سرٹیفکیٹس جاری کر دئیے گئے۔ اس دوران 587 مقدمات تاحال کارروائی کے مراحل میں ہیں جبکہ 124 مقدمات میں فریقین کے درمیان صلح صفائی ہو گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق خلع کے مقدمات کی سب سے زیادہ تعداد تحصیل سٹی میں سامنے آئی، جہاں 3166 مقدمات درج ہوئے۔ ان میں سے 2843 مقدمات نمٹا دئیے گئے اور سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے، 264 مقدمات زیر کارروائی ہیں جبکہ 59 مقدمات صلح کے ذریعے ختم ہوئے۔ تحصیل ماڈل ٹاون میں 1593 خلع کے مقدمات درج ہوئے، جن میں سے 1463 مقدمات پر سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے، 194 مقدمات زیر کارروائی ہیں جبکہ 11 مقدمات میں مفاہمت ہو گئی۔ تحصیل شالامار میں 1174 مقدمات درج ہوئے، جن میں سے 1012 مقدمات نمٹا دئیے گئے، 153 مقدمات زیر کارروائی ہیں اور 9 مقدمات صلح پر منتج ہوئے۔ تحصیل کینٹ میں 294 مقدمات درج ہوئے، جن میں سے 264 مقدمات پر سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے، 16 مقدمات زیر کارروائی ہیں جبکہ 14 مقدمات میں صلح صفائی ہو گئی۔ اسی طرح تحصیل رائیونڈ میں 520 خلع کے مقدمات درج ہوئے، جن میں سے 454 مقدمات نمٹا دیے گئے، 35 مقدمات زیر کارروائی ہیں جبکہ 31 مقدمات صلح کے نتیجے میں ختم ہوئے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں رواں سال خلع کے مقدمات کی تعداد نمایاں رہی۔ اس کی بڑی وجوہات میں گھریلو تنازعات میں اضافہ، معاشی دباو، شادی کے بعد باہمی عدم برداشت، خاندانی نظام میں کمزور ہوتی مصالحتی روایات، خواتین میں قانونی آگاہی کا بڑھنا اور فیملی کورٹس تک رسائی کا نسبتاً آسان ہونا شامل ہے۔ کئی معاملات میں خواتین اب طویل انتظار یا غیر یقینی صورتحال کے بجائے قانونی راستہ اختیار کر رہی ہیں جس کے باعث خلع کے مقدمات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مجموعی اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ فیملی کورٹس نے رواں سال خلع کے معاملات نمٹانے میں موثر کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں زیر التوا مقدمات کی تعداد محدود رہی اور بڑی تعداد میں خواتین کو بروقت قانونی ریلیف فراہم کیا گیا۔
فیملی کورٹس میں رواں سال خلع کے مقدمات میں نمایاں اضافہ، اکثریت میں سرٹیفکیٹس کا اجرا
















