راولپنڈی (مشرق نیوز) پاک فوج کی کور کمانڈرز کانفرنس میں واضح کیا گیا ہے کہ قومی یکجہتی ، سلامتی، استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ، چاہے ایسے عناصر سیاسی ہوں یا کوئی بھی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں فورم نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والوں کیلئے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
فورم نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش آیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے غیرملکی ایما پر دہشت گردی کے فروغ کے خلاف ماد روطن کا دفاع کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش آیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیرمتزلزل جرات،پیشہ ورانہ مہارت اورقربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاءنے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں تمام دہشت گردوں، سہولت کاروں سے بغیر کسی رعایت کے نمٹا جائیگا۔ کانفرنس کے شرکاءنے اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کے معاونین کے ساتھ بھی فیصلہ کن اور بغیر کسی رعایت کے نمٹا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ملک بھرمیں انٹیلی جنس پر مبنی انسداد دہشت گردی کارروائیوں میں افواج پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ فورم نے دہشت گردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے درمیان گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کیا اور کہا کہ قومی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، چاہے ایسے عناصر سیاسی ہوں یا کوئی بھی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ حکومت اورپاک فوج کی مشترکہ کوششوں سے ملک بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے، پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کے باعث ملک یقینی طورپر عزت ووقار کی طرف بڑھ رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے اندرونی وبیرونی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ملک کودرپیش خطرات اور آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔ فورم نے کہا کہ مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں۔ فورم نے بلوچستان حکومت کے خصوصی ترقیاتی اقدامات کو سراہا۔
قومی یکجہتی، سلامتی، استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی: کورکمانڈرز کانفرنس


















