انڈر19کے ہیروز کا پرتپاک استقبال، ہر کھلاڑی کیلئے ایک،ایک کروڑ انعام

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارت کیخلاف ایشیا کپ میں شاندار کامیابی پر قومی انڈر 19 ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ دیا،ذرئع کے مطابق فائنل میں کامیابی پر وزیراعظم نے قومی انڈر 19 ٹیم کے ہر کھلاڑی کےلئے 1،1 کروڑ روپے کا اعلان کیا، شہبازشریف نے تمام کھلاڑیوں کا خود استقبال کیا اور فرداً فرداً تمام کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا،وزیراعظم شہباز شریف نے انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو بھارت کےخلاف شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا ، اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وفاقی وزراءبھی موجود تھے،وزیراعظم نے کہا آپ لوگوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کردیا، بھارت کو بدترین شکست پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کل خود دیکھا ٹیم جس جوش و جذبے سے میدان میں لڑرہی تھی مثال نہیں ملتی، مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کو آپ پر فخر ہے، انڈر 19 ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ، اتنے بڑے مارجن سے کامیابی بلا شبہ محنت اور لگن کا نتیجہ ہے،شہباز شریف نے کہا امیدکرتاہوں آپ کارکردگی کے تسلسل کوبرقرار رکھیں گے، آپ بہت جلد انڈر 19 ورلڈ کپ بھی پاکستان لائیں گے ، چیئرمین پی سی بی کو کہتا ہوں تمام کھلاڑیوں کا بھرپور خیال رکھاجائے ، تمام کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سہولت بہم پہنچائی جائے،ذرائع کے مطابق استقبالیے کے بعد کھلاڑیوں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیاگیا ، وزیراعظم نے کھلاڑیوں کےساتھ کھانا بھی کھایا اور فرداً فرداً گپ شپ لگائی، کھلاڑیوں نے بھرپور عزت افزائی پر بھی وزیراعظم اورعوام کا شکریہ ادا کیا،دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارتی کھلاڑی پاکستانی پلیئرز کو اشتعال دلاتے رہے،آئی سی سی کو آگاہ کر رہے ہیں،استقبالیہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا سیاست اور کھیل کو الگ رکھنا چاہیے، کل پھر بھارتی کھلاڑی اشتعال دلاتے رہے، پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے مینٹور سرفراز احمدنے کہا بھارت کا رویہ کھیل کے حوالے سے بالکل اچھا نہیں تھا، بھارتی ٹیم نے غیراخلاقی رویہ اپنایا، ہم نے جیت کی خوشی سپورٹس مین سپرٹ کےساتھ منائی، ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا، ٹیم ورک دکھایا، کرکٹ میں مقابلے کےساتھ ساتھ اخلاقیات اور احترام کو ہمیشہ سب سے اوپر رکھنا چاہیے۔

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی،آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے ایشیا کپ مینز انڈر 19 جیتنے پر کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور آفیشلز کو شاندار کارکردگی اور تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد دی،سید عاصم منیر نے ٹیم کی نظم و ضبط، ٹیم ورک اور جرات مندانہ کھیل کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کامیابی پوری قوم کےلئے باعث فخر ، کامیابی پاکستان کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کی عکاس ہے،پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھتے ہوئے مسلسل محنت جاری رکھیں اور میدان کے اندر و باہر ملک کے سفیر بن کر پاکستان کا نام روشن کریں،پاکستان کے نوجوان قوم کے مستقبل کی بنیاد ہیں جن کی توانائی، صلاحیت اور کردار ملکی ترقی اور عالمی سطح پر وقار کے تعین میں کلیدی کردار ادا کریں گے،فیلڈ مارشل نے نوجوان پاکستانیوں کو نظم و ضبط، دیانت داری اور محنت کے ذریعے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیوں کےلئے بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،اس موقع پر انڈر 19 ٹیم کے اراکین نے فیلڈ مارشل کی حوصلہ افزائی اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا اعزاز مزید محنت اور بہتر کارکردگی کا باعث بنے گا۔