لاہور (میاں ذیشان) پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں زمین کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن اور شفافیت کے شعبے میں تاریخی پیشرفت کرتے ہوئے 23 ہزار 542 موضع جات کو کمپیوٹرائزڈ، 6 لاکھ 78 ہزار 778 انتقالات کی تصدیق اور 12 لاکھ 48 ہزار 130 فردات کا اجراءکر کے ریکارڈ کو آن لائن دستیاب کر دیا ہے۔ ای رجسٹریشن سسٹم فیز ٹو، موبائل لینڈ ریکارڈ وین سروس کی توسیع، ڈیجیٹل انتقال، آن لائن فردِ ملکیت، لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اپ گریڈیشن، جی آئی ایس میپنگ، بائیومیٹرک ویری فکیشن، مرکزی ڈیٹا سینٹر کی اپ گریڈیشن، سائبر سیکیورٹی فریم ورک، اور ریونیو افسران کی ڈیجیٹل ٹریننگ جیسے 12 میگا پراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ پنجاب بھر میں ڈیجیٹائزیشن کے مجموعی کام 82 فیصد تک مکمل جبکہ 151 لینڈ ریکارڈ سروس سینٹرز کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی میں موجودہ حکومتی ترجیحات کے تحت زمین کے ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹل، شفاف اور عوام دوست بنانے کیلئے آئندہ تین سالہ جامع پلان پر عملدرآمد جاری ہے، جس کے تحت مالی سال 2025-26ءتک صوبے بھر میں رجسٹری، فردِ ملکیت اور انتقال کے تمام عمل کو سو فیصد آن لائن اور کیش لیس کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق پلرا نے صوبہ بھر میں 23 ہزار سے زائد موضع جات کی ڈیجیٹائزیشن ، 6 لاکھ سے زائد انتقالات کی تصدیق اور 12 لاکھ سے زائد فردات کا اجراءکر تاریخ رقم کر دی ہے۔ اس وقت اتھارٹی کے تحت 12 بڑے پراجیکٹس پر بیک وقت کام جاری ہے جن میں ای رجسٹریشن سسٹم فیز ٹو، موبائل لینڈ ریکارڈ وین سروس کی توسیع، ڈیجیٹل انتقال، آن لائن فردِ ملکیت، لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اپ گریڈیشن، جی آئی ایس میپنگ، بائیومیٹرک ویریفیکیشن، مرکزی ڈیٹا سینٹر کی اپ گریڈیشن، سائبر سیکیورٹی فریم ورک، اور ریونیو افسران کی ڈیجیٹل ٹریننگ شامل ہیں۔ پنجاب کے 10 ڈویڑنز، 41 اضلاع اور 145 تحصیلوں میں رجسٹری، فرد اور انتقال کے عمل کی ڈیجیٹائزیشن کا مجموعی کام 82 فیصد تک مکمل ہو چکا ہے جبکہ 2026 کے اختتام تک اسے 100 فیصد تک پہنچانے کا ہدف ہے، اب تک صوبے کے 36 اضلاع جن میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، سرگودھا، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، وہاڑی، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، ڈی جی خان، لیہ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاﺅ الدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، بھکر، خوشاب، پاکپتن، ننکانہ صاحب، راجن پور، رحیم یار خان اور بہاولنگر شامل ہیں، میں موضع جات اور رجسٹری برانچوں کی کمپیوٹرائزیشن مکمل ہو چکی ہے۔ جس سے شہری 24/7 زمین کی ملکیت، رجسٹری، انتقال اور فرد کی تصدیق بغیر کسی مڈل مین کے کر سکتے ہیں، جہاں روزانہ اوسطاً 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد شہری آن لائن فرد، انتقال اور رجسٹری کی سہولت حاصل کر رہے ہیں، جبکہ باقی 5 اضلاع جن میں کوٹ ادو، تونسہ شریف، مری، کالاباغ اور چنیوٹ شامل ہیں وہاں 1 ہزار 820 موضع جات میں سے 1 ہزار 340 موضع جات کی ڈیجیٹائزیشن مکمل ہو چکی ہے اور بقیہ 480 موضع جات پر کام حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ جبکہ صوبے بھر میں اس وقت 151 لینڈ ریکارڈ سروس سینٹرز مکمل طور پر فعال ہیں جبکہ 18 نئے سروس سینٹرز کا قیام بھی زیر عمل ہے۔ ریونیو ماہرین کے مطابق ڈیجیٹائزیشن کے باعث زمین سے متعلق تنازعات میں 55 فیصد کمی، رجسٹری کے دورانئے میں 70 فیصد کمی اور ریونیو ریکارڈ میں جعلسازی کے امکانات نمایاں حد تک کم ہوئے ہیں، اور حکومت پنجاب کی یہ اصلاحات پنجاب میں گورننس، سرمایہ کاری اور عوامی اعتماد کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔
پنجاب ، زمینوں کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن مکمل، شفافیت کے شعبے میں تاریخی کارنامہ
















