والد پر تشدد جیسے حربے آزمائے جارہے ہیں: عمران کے بیٹوں کا الزام


لندن:(مشرق نیوز)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹوں نے والد کو قید تنہائی میں رکھنے اور ناقص کھانا فراہم کرنے سمیت تشدد جیسے حربے آزمانے کا الزام عائد کردیا۔

برطانوی صحافی کو انٹرویو دیتے ہوئے قاسم،سلیمان نے کہا والد سے آخری مرتبہ بات رواں برس جولائی کے آخر میں ہوئی ،عدالت نے ہفتہ وار کال کی اجازت دی مگر قید کو 2سال ہو رہے ہیں اب تک عمل نہیں کیا گیا،تقریباً 3ماہ قبل ستمبر میں 5 سے 6 منٹ بات ہوئی ،نومبر 2022 میں والد کو گولی لگی تب ایک ہفتے کےلئے پاکستان گئے اور وہ آخری ملاقات ہے۔

عمران خان کے بیٹوں نے کہاوالد کو6 فٹ سے 8 انچ کے سیل میں رکھا گیا،بمشکل کھڑے ہوسکتے ہیں،حالات خراب ، گندا پانی اور ناقص کھانا دیاجاتاہے، شہزادے کی آسائشیں جھوٹ ہے،والد کومکمل تنہائی میں رکھا گیا ،گارڈز سے بھی بات کرنے کی اجازت نہیں ،انسانوں سے بالکل دور رکھنا چاہتے ہیں،سب کچھ توڑنے کی کوششیں اور واضح طور پر تشدد کے حربے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان وزیراعظم مشرف زیدی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا عمران خان سیل میں نہیں ہوتے ،قیدی کے طور پر سکیورٹی دینا اور خیال رکھنا ریاست کی ترجیح ہے،اپنی جم کی سہولت، آوٹ ڈور لان، انفرادی طور پر واک کی جگہ اور کتابوں کےلئے الگ جگہ دی گئی ،عمران خان کو میسر سہولیات کسی اور قیدی کو حاصل نہیں۔

مشرف زیدی نے کہاعمران خان کے حامیوں ،بچوں کو غلط معلومات دی جارہی ہیں ،بانی پی ٹی آئی کوخانسامہ، میڈیکل افسر دیا گیا ،دیا جانے والا ہر کھانا چیک کرتا ہے،عمران خان کے بچوں کو قانون کے تحت حاصل سٹیٹس کے مطابق وہ تمام سہولیات دی جائیں گے جو پاکستان کا دورہ کرنے والوں کو دی جاتی ہیں، امید ہے بچوں کو والد سے ملنے کاموقع ملے گا ۔