پاکستان پھر سرخرو،بھارتی حملہ غیر قانونی،اقوام متحدہ کی مودی حکومت کیخلاف چارج شیٹ

نیویارک :(خواجہ فاروق)پاکستان پھر سرخرو،بھارتی حملہ غیر قانونی،اقوام متحدہ کی مودی حکومت کیخلاف چارج شیٹ،آپریشن سندور،سندھ طاس معاہدے کی معطلی، کشمیریوں کے حق خودارادیت پر جواب طلب کرلیا،ماہرین نے مئی کی جنگ پر خصوصی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بھارت کے یکطرفہ اقدامات پر سخت اعتراضات کردئیے۔

اقوام متحدہ ماہرین نے رپورٹ میںپہلگام دہشتگردی کی مذمت اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دینے پر زور دیتے ہوئے کہا پاکستان نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی اور غیر جانبدار و شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا، 7 مئی 2025 کو بھارت نے آپریشن سندورکے تحت پاکستان کی حدود میں طاقت کا استعمال کیا،طرز عمل اقوام متحدہ چارٹر کےخلاف ہے،مودی حکومت نے یواین چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت سکیورٹی کونسل کو باضابطہ اطلاع نہیں دی، پیشگی اطلاع نہ دینا مطلوبہ طریقہ کار کی خلاف ورزی ہے، بھارتی حملوں میں شہری علاقے نشانہ بنے، مساجد متاثر ،متعدد شہری جاں بحق و زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں خصوصی ماہرین نے کہا 7 مئی 2025 کو پاکستان نے بھارتی کارروائی کی مذمت کی، سلامتی کونسل کو مطلع کیا آرٹیکل 51 کے تحت دفاع کا حق رکھتا ہے، بھارت ثابت کرنے کیلئے قابل اعتبار شواہد پیش نہیں کر سکا کہ پہلگام حملے میں پاکستان کی ریاستی سطح پر کوئی شمولیت تھی، دہشتگردی کے نام پر یکطرفہ فوجی طاقت استعمال کرنے کا کوئی الگ حق تسلیم شدہ نہیں، طاقت کا غیر قانونی استعمال حق زندگی کی خلاف ورزی اوربھارت کا طرز عمل بڑے تصادم کا خطرہ پیدا کر سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین نے کہا بھارتی اقدام مسلح حملہ سمجھا جائے تو پاکستان کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، بھارتی اقدامات پاکستان کی خودمختاری،،عدم مداخلت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہیں،سندھ طاس معاہدے کو”ہیلڈ ان ابینس“ کرنے کے بھارتی اعلان پر گہری تشویش ،پانی کے بہاو میں رکاوٹ یا دھمکی کروڑوں پاکستانیوں کے بنیادی حقوق متاثر کرتی ہے، پانی، خوراک، روزگار، صحت، ماحول اور ترقی کے حقوق فیصلے کی زد میں آتے ہیں،سرحد پار حق آب میں مداخلت سے اجتناب لازم ہے، پانی کو سیاسی یا معاشی دباو کا آلہ نہیں بنایا جا سکتا، کوئی فریق یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل نہیں کر سکتا جب تک فریقین نئے معاہدے سے ختم نہ کریں تب تک معاہدہ نافذ رہتا ہے، ”ہیلڈ ان ابینس“ کی بھارتی اصطلاح مبہم ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا معاہداتی قانون کی معطلی دفعات کو بھارت واضح طور پر بروئے کار نہیں لایا،معاہدے کے طے شدہ طریقہ کار کو بائی پاس کر کے یکطرفہ معطلی غیر قانونی ہے، تنازعات کا حل معاہدے میں درج تصفیہ کے طریقہ کار کے تحت ہونا چاہیے، بھارتی میٹریل بریچ کی دلیل کمزور ہے۔

خصوصی ماہرین نے کہا پاکستان کی جانب سے معاہدے کی کسی شق کی خلاف ورزی ظاہر نہیں ہوئی، بھارت کا مبینہ سرحد پار دہشتگردی الزامات کو آبی معاہدے کی خلاف ورزی بنانا قانوناً غیر متعلق ہے، بنیادی حالات کی تبدیلی کی دلیل کا معیار انتہائی سخت ہے، دلیل کےلئے صرف آبادی یا توانائی کی ضروریات کافی نہیں، بھارت نے کاونٹر میڑرز کے جواز کےلئے قابل اعتبار اور مربوط شواہد نہیں دئیے،پانی روکنا یا معاہدہ معطل کرنا غیر مناسب قدم ہے، پانی روکنے کا بوجھ براہ راست عام پاکستانیوں کے حقوق پر پڑتا ہے،کاونٹرمیڑرزبنیادی انسانی حقوق کی ذمہ داریوں سے استثنیٰ نہیں دیتے، کاونٹر میڑرز کیلئے نوٹس، مذاکرات کی پیشکش و طریقہ کار کی قانونی شرائط پوری ہونی چاہئیں، کاونٹر میڑرز عارضی و قابل واپسی ہوتے ہیں، مستقل خاتمے یا معطلی کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔

رپورٹ کے مطابق بھارت نے ثالثی کارروائیوں میں شرکت سے گریز کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا، بھارت سے وضاحت، ممکنہ تلافی و معذرت ،سندھ طاس معاہدے پر نیک نیتی سے عمل درآمد پر باضابطہ جواب مانگ لیا،بھارت سندھ طاس معاہدے پر نیک نیتی سے عمل کرے، پاکستان کے حقوق کی خلاف ورزی سے باز ،پانی میں رکاوٹ سے پیدا ہونےوالی انسانی حقوق کی پامالی و نقصانات روکنے کےلئے عملی اقدامات واضح کرے۔

اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین نے بھارت کے جھوٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے مودی حکومت کو سوالنامہ ارسال کیا، بھارت کسی سوال کا جواب نہیں دے سکا، بھارت سے پوچھا گیا کیا بھارت کے پاس اپنے لگائے ہوئے الزامات کا کوئی ثبوت موجود ہے؟ کیا بھارت طاقت کے غیر قانونی استعمال کی وجہ سے انسانی زندگیوں کے نقصان کا ازالہ ،معافی مانگے گا؟،کیا بھارت سندھ طاس معاہدے کی ذمہ داریاں ادا ،پاکستان کے قانونی و بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری کرے گا؟ کیا بھارت سندھ طاس معاہدے کی ڈسپیوٹ ریزولوشن کی شقوں کی پاسداری کا ارادہ رکھتا ہے؟،بھارت کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کیلئے کیا اقدامات اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے؟۔

بھارت سے پوچھا گیا بتایا جائے جموں کشمیر تنازع کے پرامن حل، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کےلئے بھارت کیا اقدامات اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے؟،خصوصی ماہرین نے رپورٹ میں ہدایت کی بھارت تمام سوالوں کے جواب 60 دن کے اندر فراہم کرے، جواب رپورٹ کےساتھ ویب سائٹ پر آویزاں ،ہیومن رائٹس کونسل میں پیش کیے جائیں گے۔