حکومت کا مینڈیٹ جعلی، سوال اٹھاتا ہوں عمران خان گرفتار کیوں ہیں، فضل الرحمن


چکوال:(مشرق نیوز)امیر جے یوآئی فضل الرحمن نے حکومت کو جعلی مینڈیٹ کی حامل قرار دیتے ہوئے کہا سوال ہے حکومت کس کی اور اصل فیصلے کون کر رہا ،پی ٹی آئی کے بانی گرفتار کیوں ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاجعلی مینڈیٹ کے باوجود حکومت صرف ن لیگ کی ہے ،پیپلز پارٹی محض سہارا یعنی جعلی اکثریت نہیں بلکہ جعلی اقلیت کی حکومت ہے، آئین کےخلاف قانون سازی کا مطلب بغاوت ہوگا،باہمی مشاورت سے متفقہ موقف سامنے لانا چاہتے ہیں۔

امیر جے یوآئی نے کہاجہاں تک 28 ویں ترمیم ،نئے صوبوں کی بازگشت کا تعلق ہے تو اصولی بات اور اور عملی حقیقت کچھ اور ہے،آپ نے فاٹا کو صوبے میں ضم کیا، دلائل کےساتھ مخالفت ،نقصانات سے آگاہ بھی کیا لیکن اسٹیبلشمنٹ خود کو عقل کل سمجھتی رہی اب باقی صوبوں کو بھی تقسیم کرنے کی بات ہو رہی ہے،کیا زمینی حالات سازگار ہیں؟ یا کل پھر روئیں گے ملک کو نقصان پہنچایا یہ لوگ بات تو کر لیتے پھر طاقت کے زور پر فیصلے نافذ بھی کر دیتے ہیں۔

فضل الرحمن نے کہا فاٹا کا انضمام بھی طاقت کے زور پر کیا گیا ،مسلح گروپس نے علاقے پر قبضہ جما لیا ،ریاست کی رٹ ختم ہو چکی ،75،78 برسوں میں پاکستان کی افغان پالیسی درست نہ ہی دہشتگردی کے خلاف پالیسی کوئی مثبت نتیجہ دے سکی ،فیصلے سیاستدانوں کو کرنے ہوتے ہیں،پراسیکیوشن و دیگر اداروں کی خرابیوں پر بھی اجتماعی رائے قائم ہونی چاہیے ،22 تاریخ کو علما کانفرنس میں واضح موقف سامنے آ جائے گا۔

امیر جے یوآئی نے کہا بانی عمران خان سے ملاقاتوں کی اجازت نہ دیناجمہوری ملک میں افسوس ناک ہے، سوال اٹھاتا ہوں وہ گرفتار کیوں ہیں؟ سیاست دانوں کی گرفتاری نہ ملاقاتوں پر پابندی کے حق میں ہوں۔