لاہور(قمر عباس نقوی ) حکومت پنجاب کا شہریوں کو بسنت اور جشن بہاراں کی خوشیاں ایک ساتھ فراہم کرنے کا فیصلہ ،پی ایچ اے کا شہر کے حسن کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی تیاریاں، منتخب پارکوں، گرین بیلٹس اور تاریخی مقامات پر صفائی، تزئین و آرائش اور پھولوں کی سجاوٹ کے عمل کا آغاز ثقافتی رنگ کو نمایاں کرنے کیلئے روایتی انداز کی سجاوٹ اور عوامی تفریحی سرگرمیوں کی اجازت بھی ضابطوں کے تحت دی جائیگی۔ حکام کے مطابق تمام سرگرمیاں ضلعی انتظامیہ کی منظوری اور نگرانی میں ہوں گی۔ حکومت پنجاب کا شہریوں کی افسودگی کا خاتمہ کرنے کی خاطر گزشتہ 25سال سے بسنت پر عائد پابندی کا خاتمہ کرنے کے ساتھ جشن بہاراں بھی ایک ساتھ منانے لکا اعلان کیا گیا ہے جس سے لاہوریوں میں خوشی کی سماں دیکھنے میں آیا ہے حکومت کی جانب سے 6سے 8 فروری 2026کا اعلان کیا گیا ہے جس میں تمام انتظامی اداروں کو قواعد و ضوابط کی پابندی پر مامور کیا گیا ہے اس حوالہ سے پنجاب حکومت کی جانب سے مشروط اجازت کے بعد بسنت کی بحالی کے حوالے سے لاہور میں انتظامی سطح پر تفصیلی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکومت کا موقف ہے کہ اس بار بسنت کو ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے محدود، منظم اور مکمل طور پر محفوظ انداز میں منایا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے ضلعی انتظامیہ لاہور کے مطابق بسنت کے انعقاد کیلئے خصوصی انتظامی پلان ترتیب دیا جا رہا ہے، جس میں سکیورٹی، ٹریفک، نگرانی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داریاں واضح کی گئی ہیں بسنت کی سرگرمیوں کو پورے شہر میں پھیلانے کے بجائے چند مخصوص علاقوں تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس میں گریٹر اقبال پارک ،جلو پارک ،جیلانی پارک ماڈل ٹاﺅن پارک شامل ہیں مبینہ طور پر ایک تجویز زیر غور ہے جس میں ماضی کی طرح شہر بھر میں اس تقریب کو منانے کا فیصلہ کیا گیا ہےحکومتی پالیسی کے تحت پتنگ سازی، فروخت اور استعمال کیلئے باقاعدہ رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ صرف منظور شدہ اور رجسٹرڈ پتنگ فروش ہی کاروبار کر سکیں گے جبکہ ہر پتنگ اور ڈور کی کوالٹی کو جانچنے کیلئے خصوصی مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے کیمیائی، دھاتی یا کسی بھی خطرناک مواد سے بنی ڈور پر مکمل پابندی عائد ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے اور مقدمات درج کیے جائیں گے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے بسنت کے لئے رجسٹریشن فیس مقرر کی جس میں ڈور اور پتنگ بنانے والے مینوفیکچررز کی رجسٹریشن فیس 1000 روپے ڈور اور پتنگ فروخت کرنے والے ٹریڈرز اور دوکاندار کی رجسٹریشن فیس 1000 روپے کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کی فیس 5000 روپے : پتنگ سازوں ، ڈور بنانے والوں کی رجسٹریشن کیلئے فارم اے استعمال ہو گا کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن کیلئے فارم سی استعمال ہو گا ان ایام میں ٹریفک اور شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر بسنت کے دنوں میں مخصوص سڑکوں پر خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ موٹرسائیکل سواروں کیلئے حفاظتی اقدامات سخت کیے جائیں گے جبکہ حساس علاقوں میں غیر ضروری آمد و رفت محدود رکھی جائے گی چھتوں، سڑکوں اور بازاروں کی کڑی نگرانی کی جائے گی پولیس، سول ڈیفنس اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے ہنگامی رسپانس ٹیمیں بھی تعینات ہوں گی۔
شہریوں کو بسنت، جشن بہاراں کی خوشیاں ایک ساتھ فراہم کرنے کا فیصلہ
















