لاہور(قاضی ندیم اقبال) گریڈ 18 کے 7 افسروں کے ذاتی ریکارڈ کی چوری کا معاملہ، متروکہ وقف املاک بورڈ ایڈمنسٹریشن کی ساکھ اور سیکریسی نظام پر انگلیاں اٹھ گئیںجبکہ ریکارڈ کے غائب ہونے کی بابت معلومات سامنے آنے کے بعد ذمہ داران کا تعین کرنے کی بجائے ایڈمنسٹریشن حکام کی خاموشی نے رہی سہی کسر پوری کر دی۔ دوسری جانب سینئر ملازمین کی بڑی تعداد نے دعویٰ کیا ہے کہ ساتوں آفیسرز کی ترقی کی بابت ایف آئی اے اسلام آباد میں شکایت درج کروانا،وفاقی تحقیقاتی ادارہ کی جانب سے قواعد کے مطابق ریکارڈ طلب کرنے کے بعد بورڈ ایڈمنسٹریشن کے ریکارڈ روم میں سے اسی ریکارڈ غائب ہونا، ایک ہی سلسلے کی کڑیاں ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ اس حوالے سے سیکرٹری بورڈ فرید اقبال سے بھی تحریری وضاحت طلب کریں۔ ذرائع کے مطابق دو سال ایک ماہ قبل نومبر2023 میں عظمیٰ شہزادی نے بطور ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن، اس وقت کے قائمقام سیکرٹری بورڈ کی وساطت سے اپنے سمیت 7 افسروں جن میں آصف رضا شیخ،نور اسلم خان، ندیم دھریجو، میر وائس درانی، رشید احمد تونیو اور تنویر حسین کے نام شامل ہیں، ان سبھی کی گریڈ17سے گریڈ18 میں ترقی کیلئے کیس چیئر مین بورڈ/ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر عطاءالرحمن کو ارسال کیاجس میں تمام قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے سالانہ PER/ACrsسمیت تمام ریکارڈ بھی لف کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ ساتوں آفیسر20025میں اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر بھرتی ہوئے اور 2010میں ان کی بطور ڈپٹی سیکرٹری/ایڈمنسٹریٹر ترقی ہوئی۔ قواعد کی روشنی میں انکی اگلے گریڈ میں ترقی 2010میں ہونا تھی۔ تاہم مسلسل `13برس محکمانہ پرموشن کمیٹی کا اجلاس منعقد نہ ہوا۔ڈاکٹر عطاءالرحمن کی جانب سے استفسار کئے جانے اور معاملہ کا نوٹس لئے جانے کے بعد انہی کی ہدایت پربورڈ ایڈمنسٹریشن نے ساتوں آفیسرز کی ترقی کے حوالے سے سفارشات تیار کیں اور آفیسرز کے ذاتی ریکارڈ بشمول سالانہ PER/ACrsریکارڈ وفاقی دارالحکومت ارسال کر دیا۔ اور نومبر2023میں محکمانہ ترقی کمیٹی کا اجلاس اس وقت کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری مذہبی امور ارشد فرید کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اور بالآخر13سال کے طویل انتظار کے بعد ان سات آفیسرز کو گریڈ17 سے گریڈ18 میں ترقی دینے کے احکامات جاری کر دئیے گئے۔ذرائع کے مطابق دو ماہ قبل ایک شکایت سامنے آنے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارہ اسلام آبادنے20 اکتوبر2025 کو ساتوں آفیسرز کو اگلے گریڈ میں ترقی دینے کی بابت ریکارڈ طلب کر لیا۔ جس پر متروکہ وقف املاک بورڈکی ایڈمنسٹریشن برانچ کے ذمہ دارو کے سامنے یہ بات آئی کہ آصف رضا شیخ، (اپنا)عظمیٰ شہزادی، نور اسلم خان، ندیم دھریجو، میر وائس درانی، رشید احمد تونیو، اور تنویر حسین کی گریڈ17سے گریڈ18 میں ترقی کی بابت ریکارڈ غائب ہو چکا ہے اور ریکارڈ روم میں دستیاب نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق پہلے اس بابت معاملات کی پردہ پوشی کی جاتی رہی۔ تاہم معاملہ موجودہ چیئر مین قمرالزمان کے نوٹس میں آتے ہی انہوں نے اس بابت ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔ جس کی روشنی میں شاہد بشیر ڈپٹی سیکرٹری (ایڈمن) نے ناصر مشتاق ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز کو انکوائری آفیسر بنانے کے احکامات جاری کر دئیے۔ اس ضمن میں عادل خان اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر (ایڈمن) ان کے معاون ہو ں گے۔انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات کی کاپی اطلاع کی غرض سے سٹاف آفیسر برائے چیئر مین کو بھی ارسال کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ریکارڈ روم سے اہم دستاویزات کے غائب/گم ہونے کی بابت متعلقہ ریکارڈ کیپر فہد کے علاوہ دیگر سے بھی پوچھ گچھ ہو گی۔ تاہم دفتری ریکارڈ گم ہونے کی بابت معاملات پہلے بھی سامنے آتے رہے ہیں، جس کی بنیادی وجہ ایڈمنسٹریشن کے ریکارڈ روم میں ریکارڈ کیپر کے علاوہ بھی غیرمتعلقہ افراد کی آمد و رفت اور ریکارڈ ان کی دسترس میں ہونا ہے۔ جبکہ ایک اور بنیادی خامی ریکارڈ فائل کسی آفیسر کے طلب کرنے پر اسے بھجواتے ہوئے اس کا کسی رجسٹر میں اندراج نہ کرنا بھی ہے۔ جس کے سبب فائل ریکارڈ روم یا ریکارڈ کیپر کے پاس واپس آئی کہ نہیں، اس بابت بھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ذرائع کا دعوی ہے ایف آئی میں ساتوں آفیسرز کی ترقی کی بابت شکایت ہونا اور بورڈ ایڈمنسٹریشن کے ریکارڈ روم میں سے وہی ریکارڈ غائب ہونا، ایک ہی سلسلے کی دو کڑیاں ہیں جو ادارہ کے خلاف سازش بھی ہو سکتی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ اس حوالے سے سیکرٹری بورڈ فرید اقبال سے بھی تحریری وضاحت طلب کریںتاہم جن 7 افسروں آصف رضا شیخ، عظمی شہزادی، نور اسلم خان، ندیم دھریجو، میر وائس درانی، رشید احمد تونیو، اور تنویر حسین کو نومبر2023میں گریڈ18میں ترقی دی گئی، ان سے بھی ان کے متعلق ریکارڈ کی کاپیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔
گریڈ 18 کے 7 افسروں کے ذاتی ریکارڈ کی چوری ، سیکرٹری بورڈ سے تحریری وضاحت ناگزیر
















