مریم نواز کے گورننس ماڈل میں کسی کی سفارش نہیں چلتی، عظمیٰ بخاری

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے مریم نواز کے گورننس ماڈل میں کوئی سفارش یا اثر و رسوخ کام نہیں آتا ،وزیراعلیٰ ہر ترقیاتی منصوبے میں معیار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتیں،لیہ میں بچے کے گڑھے میں گرنے کے افسوسناک واقعہ پر وزیر اعلیٰ نے سختی سے نوٹس لیا، متعلقہ اے سی حارث حمید کو میٹنگ میں بیٹھنے کی بھی اجازت نہ دی گئی اور فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا ۔

معاون خصوصی پرائس کنٹرول اور کموڈیٹی مینجمنٹ سلمیٰ بٹ کے ہمراہ ڈی جی پی آر میں اہم پریس کانفرنس کرتے عظمیٰ بخاری نے کہاعوام کو اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی وزیر اعلیٰ کی ترجیح ، حکومت ہر ممکن اقدام کر رہی ہے تاکہ عوام کو معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں،بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا کھینچ کر حجاب اتارناگھٹیا حرکت ہے،باپ کی موجودگی میں خاتون کا حجاب کھینچا گیا،واقعہ نے نہ صرف خاتون کی شخصی آزادی کی خلاف ورزی کی بلکہ مسلمان عورت کے بنیادی حقوق کی بھی پامالی کی گئی، بھارتی وزیر اعلیٰ نے درحقیقت بھارت کی نام نہاد جمہوریت سے پردہ اٹھایا ، عوامی عہدیدار کا زبردستی حجاب ہٹانا عورت کی عزت پر حملہ ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب کے تمام منصوبوں میں معیار و شفافیت پر کبھی کمپرومائز نہیں کیا جاتا، خواہ تعلیمی، زرعی یا انفراسٹرکچر پراجیکٹس ہوںہر منصوبہ اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جاتا ہے تاکہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں،وزیر اعلیٰ پنجاب کے ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہر علاقے میں جدید و محفوظ سیوریج سسٹم لگایا جا رہا ہے،کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی،عظمیٰ بخاری نے کہا انتظامیہ کو مکمل اختیار و وسائل فراہم کیے گئے ،اقدامات عوامی تحفظ، معیار کی یقین دہانی اور شفافیت کے عزم کا مظہر ہیں،وزیر اعلیٰ ویژن کے تحت پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے ہر منصوبے کی نگرانی و معیار کی ضمانت دی جاتی ،ہر افسر و اہلکار مکمل جواب دہ ہے۔

دریں اثناوزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری سے آزاد کشمیر سے آئے صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں سیکرٹری اطلاعات پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی ،ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (ڈی جی پی آر)شیخ فرید احمد بھی موجود تھے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کشمیر ،پاکستان ایک جان ہیں ،کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،ظلم کے خاتمے کا وقت قریب ہے،پنجاب حکومت کشمیری صحافیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، مجھے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ٹیم کا حصہ ہونے پر فخر ، قیادت میں پنجاب عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے،سیاست میں گالی گلوچ کی بجائے کارکردگی کی بنیاد پر مقابلہ ہونا چاہیے جو عوام کی خدمت کرے وہی سیاست میں آگے بڑھنے کا حق دار ہے، جھوٹے بیانیے نے ملک کو نقصان پہنچایا ،سچ و کارکردگی ہی کامیابی کا واحد راستہ ہیں۔

وزیر اطلاعات نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا نوجوان وزیراعلیٰ مریم نواز کی ترجیح ،تعمیری پروگرامز کے ذریعے ہنر مند بنایا جا رہا ہے، آسان کاروبار پروگرام کے تحت 80ارب سے زائد کے قرضے فراہم ،ستھرا پنجاب منصوبہ عالمی معیار کا پروگرام ،15لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ،اپنی چھت، اپنا گھر سکیم کے تحت ایک لاکھ 20ہزار خاندان مستفید ہو چکے۔