راولپنڈی:(بیورورپورٹ) واٹرکینن آپریشن،دھرناختم،عمران خان کی بہنوں سمیت 400افراد کیخلاف دہشتگردی کامقدمہ کرلیا گیا۔
پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا شرکا کو منتشر کرنے کےلئے واٹر کینن کا بھرپور استعمال کیا، کیمیکلز ملے ٹھنڈے برفیلے پانی کی بوچھاڑ کی گئی،مظاہرین کی جانب سے پولیس پر شدید پتھراو کیا گیا ،بعد ازاں راولپنڈی پولیس نے تمام مظاہرین کو منتشر کر دیا، اڈیالہ روڈ کو مکمل طور پر کھول دیا گیا،پولیس نے تمام رکاوٹیں ،کنٹینرز ہٹا دئیے،متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا ۔
دریں اثنا مقدمہ تھانہ صدر بیرونی نے انسداد دہشتگری ایکٹ کی دفعات کے تحت 35 نامزد ملزموں سمیت 400 افراد کےخلاف درج کیاگیا۔
علیمہ خان، نورین نیازی، قاسم خان، سلمان اکرم راجہ ،عالیہ حمزہ ،نعیم حیدر پنجوتھہ، تابش فاروق، طیبہ راجہ، نادیہ خٹک، ہارون، راجہ اسد عباس، ظفر گوندل، شفقت عباس ،علامہ راجہ ناصر عباس ودیگر شامل ہیں،مقدمے میں ریاست پر حملے کی مجرمانہ سازش کی منصوبہ بندی کی دفعہ 120 بھی شامل کی گئی۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزموں نے حکومت ،ریاستی اداروں کے خلاف نعرے لگائے، سڑک بلاک کی گئی، کارکنوں کو اشتعال دلاتے رہے، پولیس پر پتھراو کیا، کانچ کی بوتلیں پھینکیں ،مزاحمت کے دوران اہلکاروں کی وردیاں بھی پھٹ گئیں۔
عمران خان کی بہنوں سمیت 400افراد کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ
















