وفاقی حکومت پریس کلبوں کی معاونت کےلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے: مبشر حسن

لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی ہدایت پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن ، ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) لاہور شفقت عباس نے لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور دیگر عہدیداروں کےساتھ تفصیلی ملاقات کی،اجلاس کے دوران صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے صحافیوں اور میڈیا ورکروں کو درپیش مسائل، بالخصوص ہیلتھ انشورنس کے حوالے سے جامع بریفنگ دی، ارشد انصاری نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا صحافیوں کے دیرینہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر جلد حل کیا جائے، انہوں نے چیئرمین آئی ٹی این ای کی تعیناتی میں تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عمل کو فوری مکمل کرنے کی درخواست کی، پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن نے کہا چیئرمین آئی ٹی این ای کی تعیناتی آخری مراحل میں ہے، وفاقی حکومت پریس کلبوں کی معاونت کےلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ،پی ٹی آئی حکومت میں عائد کی گئی پابندیوں کو ختم کر کے پریس کلبوں کی مالی امداد بڑھانے پر کام جاری ہے تاکہ پریس کلب صحافیوں کی فلاح و بہبود کےلئے موثر کردار ادا کر سکیں، وفاقی حکومت نے صحافیوں کیلئے وزیراعظم ہیلتھ انشورنس سکیم کےلئے خطیر رقم مختص کر رکھی ہے جس سے کم از کم 5000 صحافی مستفید ہو رہے ہیں تاہم گزشتہ برس مختص فنڈز کا صرف 29 فیصد استعمال ہو سکا، مبشر حسن نے امید ظاہر کی آئندہ برس زیادہ سے زیادہ صحافی وزیراعظم ہیلتھ انشورنس سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے، کابینہ کی منظوری کے بعد پریس کلبوں کو مالی معاونت کی فراہمی کی راہ مزید ہموار ہو جائےگی، صحافیوں اور میڈیا ورکروں کی بہبود کےلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے آٹھویں ویج بورڈ ایوارڈ پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی صحافی یا میڈیا ورکر کا استحصال نہ ہو،اجلاس کے اختتام پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے حکومت کی جانب سے صحافیوں کےلئے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے مستقبل میں مثبت تعاون کی امید ظاہر کی،اجلاس میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن ، ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی لاہورشفقت عباس، ڈائریکٹر پی آئی ڈی لئیق باجوہ، ڈپٹی ڈائریکٹر پی آئی ڈی ارسلان طاہر، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، سیکرٹری لاہور پریس کلب زاہد عابد، سینئر صحافی خواجہ نصیر، عباس نقوی، سید فرزند علی اورقمر بھٹی نے شرکت کی۔