اسلام آباد،پشاور،چینوٹ:(بیورورپورٹ)وفاقی وزرا نے کہاہے فیصلہ حق کی فتح ،فیض حمید کاساتھ دینے والے سیاستدانوں کا بھی فوجی عدالت میں ٹرائل ہونا چاہئے،فوج میں خود احتسابی کا عمل بہت مضبوط ،واضح مثال سب نے دیکھ لی،قوم برسوں فیض ، باجوہ کے بوئے بیجوں کی فصل کاٹے گی،پی ٹی آئی بھی 9مئی جیسے واقعات میں ملوث لوگوں کو پارٹی سے نکالے۔
خواجہ آصف نے کہا قوم برسوں فیض حمید ،جنرل باجوہ کے بوئے بیجوں کی فصل کاٹے گی،دعاہے اللہ ہمیں معاف کرے، خوف خدا حکمرانوں کا شیوہ بنے،فیض حمید کو 15 ماہ عمل کے بعد سزا سنائی گئی، آرمی کے کورٹ آف اپیلزجانے پھرآرمی چیف کے پاس اپیل کا حق حاصل ہے، فوج کے جوڈیشل عمل کے بعد ہائیکورٹ جا سکتے ہیں،نواز شریف کےخلاف سیدھا سپریم کورٹ میں کیس شروع کیا گیا، انور ظہیر جمالی کے بعد ثاقب نثار نے کھوسہ صاحب کو انصاف کی مسند پر بٹھایا، قانون کی بجائے انگریزی ناولوں کے حوالے دینے شروع کیے گئے، فیصلے نے نوازشریف کو نااہل قرار دیا اور وزارت عظمیٰ سے ہٹایا گیا پھر بھی سپریم کورٹ،فیض حمید کی تسلی نہ ہوئی، جے آئی ٹی بنا کر نیب کے کیس بنوائے گئے ،اعجاز احسن کو کیس کا چوکیدار بنایا گیا۔
وزیر دفاع نے کہا نواز شریف کو 10سال قید سنائی گئی، فیض حمید ،باجوہ کا بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے کا پراجیکٹ ختم نہ ہوا پھربیٹی ،بھائی بھتیجے سارا خاندان قید کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کو محفوظ کرنے کےلئے شریف و خاندان کو ختم کرنے کا سلسلہ شروع کرکے پاکستان کی تباہی کاآغاز کیا گیا۔
خواجہ آصف نے کہابانی پی ٹی آئی کو فیض حمید ، باجوہ کی اعانت میسر تھی، معیشت ، دفاع ،قومی شناخت سب زوال پذیر ہوئے، بانی پی ٹی آئی کو نجات دلانے کےلئے 9مئی برپا کیا گیا، 9مئی فیض حمید ،بانی پی ٹی آئی کا مشترکہ منصوبہ تھا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہافیض حمید پی ٹی آئی کے سیاسی مشیر تھے، فیصلہ حق و سچ کی فتح ہے،ریڈ لائن کراس کرنےوالے شخص کو سزا ہوئی ،ٹرائل میں دفاع کا بھرپور موقع دیا گیا،تمام گواہوں کے بیانات قلمبند اور شواہد کو سامنے لانے کے بعد انصاف پر مبنی فیصلہ آیا ، قانون سے کوئی بالاتر نہیں ،ریڈ لائن کراس کرنےوالے کےخلاف قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا فیض حمید نے اپنی اتھارٹی کو غلط استعمال کیا، سیاسی معاملات کی مزید تحقیقات ہوں گی، فیض حمید تمام الزامات کے مرتکب پائے گئے، ٹاپ سٹی کیس میں بھی سزا ہوئی،فوج میں خود احتسابی کا عمل بہت مضبوط ہے ،واضح مثال سب نے دیکھ لی۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا فیض حمید کی سیاسی انجینئرنگ کے باعث ملک میں سیاسی بحران پیدا ہوا،معاملے میں ملوث افراد کیخلاف قانون اپنا راستہ لے گا،واضح ہوگیا عہدے کاغلط استعمال کرنے والے کو معافی نہیں ملے گی۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا طاقتور اداروں میں احتساب ہوتا نظر آ رہا، فیض حمید کی سزا تمام اعلیٰ عہدوں پر فائز شخصیات کیلئے مثال ہے،کچھ لوگوں کی سوچ تھی طاقتور کا احتساب نہیں ہوسکتا، دنیا کی تاریخ میں ایسی مثال کم ملتی ہے اہم ترین سکیورٹی ایجنسی کے سربراہ کا کورٹ مارشل کیا گیا ہو۔
طلال چودھری نے کہا 9مئی کے تمام کیسز میں آرمی نے اپنے لوگوں کا بھی ٹرائل کیا، نظام عدل 9مئی کے دیگر کیسز کو کیوں نہیں نمٹاسکا؟،پی ٹی آئی کے پاس اب کوئی جواز نہیں رہا، پی ٹی آئی بھی 9مئی جیسے واقعات میں ملوث لوگوں کو پارٹی سے نکالے۔
مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے کہا فوج کا اندرونی احتساب کا نظام مضبوط ،فیض حمید کا سیاست میں عمل دخل ثابت ہو گیا، ساتھ دینے والوں کا بھی فوجی عدالت میںٹرائل ہونا چاہئے،فیض حمید اپنی سرکاری وعسکری حیثیت کا ناجائز استعمال کرتے رہے، میرے خلاف مقدمے میں بھی براہ راست ملوث تھے، سزا پر خوشی کااظہار نہیں کررہا،فوج جیسے ادارے کی بہت اہمیت ہے۔
رانا ثنا نے کہا فوج میں احتساب ،ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کا مضبوط نظام موجود ہے، فیض حمید سیاسی سرگرمیوں میں ملوث تھے تو اکیلے کام نہیں کرسکتے ، کوئی سیاستدان ساتھ شامل رہا،پی ٹی آئی قیادت ساتھ دے رہی تھی،فیض حمید کی 9مئی واقعہ میں ملوث ہونے کی افواہیں بہت دیر سے موجود ہیں،ملوث لوگوں کاٹرائل بھی فوجی عدالت میں چل سکتا ہے،کوئی بندہ ذاتی ایجنڈے پر کام کرے تو معافی نہیں پکڑ ہوتی ہے،فیض حمید سینئر ترین پوزیشن پر تھے،ذاتی ایجنڈے کو ساتھ چلایا، اپنی ترقی کیلئے سیاسی رابطے رکھے۔
مشیر وزیراعظم نے کہا ممکن ہے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے پیچھے بھی فیض حمید ہوں، سیدعاصم منیرکوآرمی چیف بننے سے روکنے کیلئے چیزیں فیض حمید کے گرد گھومتی ہیں،سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر سزا دی گئی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا فیض حمید کوسزا سے ملکی سیاست پر اچھا اثر پڑے گا،ملوث افراد کو بھی کٹہرے میں لایاجائے،فیض حمید کی افغانستان میں ایک چائے کی پیالی سے صوبے کو بہت نقصان پہنچا، سب سے پہلے ریاست ہے، بانی اوپر سے آئی ہوئی مخلوق نہیں۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا بانی پی ٹی آئی ،فیض حمید اپنے دور کے فرعون ،طاقت کے نشے میں دھمکیاں دیتے تھے، اپنے عہدے کی خلاف ورزیاں کیں،تاریخی فیصلہ پیغام ہے آئندہ ایسی غلطیاں نہ کی جائیں، بانی پی ٹی آئی نے سیاست میں بری روایات ڈالیں ،نفرت انتشار کی سیاست کو پروان چڑھایا، سب کو توبہ بھی کرنی چاہئے، عمران خان مکافات عمل سے گزر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا پی ٹی آئی دور میں مریم نواز ،فریال تالپور کو جیل بھیجا گیا،کوئی موقع اور ذمہ داری ملے تو درست اندازمیں عمل کرنا چاہیے،فیض حمید کےخلاف مزید تحقیقات اور ٹرائل ابھی جاری ہے۔
اے این پی کے صدر سینیٹر ایمل ولی نے کہا فیض حمید کو جرائم پر حقیقی سزا نہیں ملی ،چائے کا کپ پکڑ کر کابل میں 40 ہزار دہشتگردوں کو منظم کرنے والا آج بھی بے حساب ہے،پختونوں کی دوبارہ نسل کشی کی کوشش پر بھی بازپرس نہیں ہوئی، فیض،باجوہ،عمران گٹھ جوڑ کے سارے فیض یاب ابھی بھی اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔
ایمل ولی نے کہا خیبرپختونخوا میں اسٹیبلشمنٹ کی تیسری بار کی گئی انجینئرنگ نے صوبہ تباہ کردیا جب تک پورے گٹھ جوڑ کا احتساب نہیں ہوتا امن و انصاف ممکن نہیں ،پختونوں کےخلاف سازشیں بے نقاب کیے بغیر حالات درست نہیں ہوں گے۔
سابق وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا فیض حمید کی سزا ابتدا، 9 مئی کے کیسز باقی ،لمبا چوڑا انصاف کا سلسلہ رکے گا نہیں، بنیاد رکھ دی گئی پاکستان سے بڑا کوئی نہیں ،9 مئی کافیصلہ سامنے آئے گا تو 14 سال کم سے کم سزا ہوگی پھر پی ٹی آئی اور بانی کہاں جائیں گے؟، ابھی صحافی ارشد شریف کا کیس بھی باقی ہے ،مراد سعید کے سامنے آنے پرکیس کے کردار بھی سامنے آ جائیں گے۔
فیصل واوڈا نے کہا فیض حمید 9 مئی کے کیسز کے ٹرائل میں عمران خان کےخلاف شواہد کی بنیاد پر گواہی دیں گے،عمران ، فیض کو چیف بنانا چاہتے تھے تو سوچیں پھر کیا ہوتا،پی ٹی آئی کو روکتا رہا دلدل کی طرف نہ جائیں واپسی نہیں ہوگی،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے بڑے دشمن کو شکست دی اپنے لیے کچھ بھی معاف کرسکتے ہیں لیکن پاکستان، شہدا اور فوج کےلئے سمجھوتہ نہیں ہوگا،ریاست سے دشمنی نے ملک کو تباہ کردیا ،واضح ہے آنے والے دن بہت تکلیف دہ اور مشکل ہیں۔
فیصلہ حق کی فتح ،عمران ،فیض فرعون تھے،ن لیگ،پی پی،اے این پی
















