صاف، صحتمند اور خوشگوار ماحول کی فراہمی ترجیح ہے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کے زیر صدارت کینسر ہسپتال سے متعلق اہم اجلاس کا انعقاد۔ ہسپتال کو فنکشنل کرنے سے متعلق معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ دستیاب مشینری کے استعمال بارے صوبائی حکومت سے رائے لی جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر چوہدری محمد طاہر، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ مرزا ذیشان اور اے سی ساہیوال ماہم واحد نے بھی شرکت کی۔ کینسر ہسپتال فرشتہ فیملی ڈی ایچ کیو میں تعمیر کروا رہی ہے جس سے ساہیوال ڈویژن کے سینکڑوں کینسر مریضوں کو ابتدائی علاج کی سہولیات میسر آئیں گی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف نے ہسپتال کے قیام کو علاقے کی سب سے بڑی ضرورت قرار دیا اور ہدایت کی کہ اسے جلد فنکشنل کرنے کیلئے تمام ضروری انتظامی اقدامات کو تیز کیا جائے۔انہوں نے ٹیچنگ ہسپتال میں علاج کے لئے آنے والے کینسرکے مرض میں مبتلا مریضوں کا سروے کرنے کی بھی ہدایت کی۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے بیرون لاری اڈا کا تفصیلی دورہ۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، سیکرٹری آر ٹی اے واصف یاسین اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے اڈے پر صفائی ستھرائی کی صورتحال، جاری تعمیراتی کاموں اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ مسافروں کو جلد بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ کمشنر نے واش رومز کی صفائی، انتظار گاہوں میں سہولیات اور مجموعی ماحول کو مزید بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کی سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمشنر کے دورے کے دوران انتظامیہ کو خصوصی طور پر صفائی اور تعمیراتی کاموں کے معیار پر بھرپور توجہ دینے کی تاکید کی گئی۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈویژن کے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ ریونیو سے متعلقہ سائلین کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ کمشنر نے واضح کیا کہ عوام کے مسائل کا حل اور ان کی داد رسی ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اس لیے انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر دفتر آنے والے شہریوں سے ملاقات کریں، ان کے مسائل سنیں اور ان کا بروقت ازالہ یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے دفاتر کے دروازے ہر وقت کھلے رہنے چاہئیں اور کسی بھی شہری کو ملاقات میں دقت کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے اس بات پر زور دیا کہ سائلین کی شکایات کے حل میں غیر ضروری تاخیر نہ کی جائے۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ عوام کو صاف، صحتمند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ”ستھرا پنجاب مہم“ اسی وژن کی آئینہ دار ہے۔ اپنے دفتر میں منعقدہ ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ صفائی کی تمام مشینری اور عملہ فیلڈ میں بھرپور سرگرم نظر آنا چاہیے تاکہ مہم کے حقیقی ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، احمد عثمان جاوید، آصف رضا، سی ای او ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افتخار علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ رانا اورنگزیب، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ صفائی سے متعلق ڈیش بورڈ کی خود نگرانی کریں اور فیلڈ میں صفائی کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائیں۔ انہوں نے افسران اور اسٹاف کی خصوصی کمیٹیاں تشکیل دینے اور فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی کارکردگی پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مربوط ٹیم ورک، جدید مشینری کا موثر استعمال اور مستقل مانیٹرنگ ہی شہر کو صاف ستھرا بنانے کی کامیاب کنجی ہیں۔ ستھرا پنجاب مہم کا مقصد نہ صرف صفائی کو بہتر بنانا ہے بلکہ شہریوں میں صاف ماحول کی اہمیت سے متعلق شعور اجاگر کرنا بھی ہے۔