عمران خان سے کسی کی ملاقات کا ایک فیصد بھی امکان نہیں،عطا تارڑ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے واضح کیاہے قانون کی خلاف ورزی کے بعد عمران خان سے کسی کی ملاقات کا ایک فیصد بھی امکان نہیں، گورنر راج لگا تو جواز بھی ہوگا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا گورنر راج کی گنجائش اس وقت پیدا ہوتی ہے جب حکومت اپنے کام نہ کر رہی ہو، صوبائی حکومت امن وامان، انسداد دہشت گردی میں ناکام اور گورننس ایشو ہوں تو گورنر راج آپشن ہے،لوگوں نے فوج مخالف بیانیہ مسترد کر دیا ، لوگ پشاور جلسے میں نہیں گئے، ایف بی آر میں سفارش بالکل ختم کر دی گئی ، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے سروے میں 66 فیصد لوگوں نے کہا کسی کام کیلئے رشوت نہیں دی، ملک میں ٹرانسپیرنسی اور میرٹ کو ترجیح دی گئی ، ملک کے ڈیفالٹ کی شرطیں لگتی تھیں اب استحکام سے ترقی کی طرف جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا آئی ایم ایف کے تحت ریفارم اور فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے سے معاشی استحکام آیا ، آئی ایم ایف نے ہمارے ریفارم سٹرکچر کی تعریف کی ہے، 2019 میں پی ٹی آئی دور میں رپورٹ آئی کہ چینی کم ہے، ایکسپورٹ نہ کی جائے، ہم نے جب چینی ایکسپورٹ کی تو وافر مقدار میں تھی، آئی ایف ایم رپورٹ میں چینی کے معاملے پر پی ٹی آئی دور کا ذکر ہے،حکومت ڈی ریگولیشن کی طرف جا رہی ہے، وزیراعظم نے چینی کے ذخیرہ اندوزں کےخلاف کریک ڈاون کرایا، اب ملز سے نکلنے والی چینی کی ایک بوری پر کیو آر کوڈ درج ، ٹریس کیا جاسکتا ہے، چینی کی ذخیرہ اندوزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، چینی کی قیمتیں کم ہوئیں ،نرخوںمیں استحکام بھی آیا۔

بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل میں خاندان کے افراد، پارٹی رہنماو¿ں اور وکلا سے ملاقات کے سوال پر عطا تارڑ نے کہا قانون کی خلاف ورزی کے بعد عمران خان سے کسی ایک کی بھی ملاقات کا کوئی امکان نہیں۔