گوجرانوالہ (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ ملک کو ایٹمی قوت بنانا ہے اور پاکستان اگر ایٹمی طاقت نہ ہوتا تو اس سال جنگ میں حالات مختلف ہوتے۔ گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پورے پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کانعرہ بلند ہوگا، نوازشریف کی قیادت میں پنجاب میں پہلی مرتبہ تعمیراتی سیاست کا آغاز ہوا، نوازشریف نے بطور وزیراعلیٰ اور وزیراعظم جو کام انجام دئیے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج آپ کے شہر میں جو منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب نے تحفہ دیا ہے اس سے پوری ضلع کی تقدیر بدلے گی، اس منصوبے سے شہریوں کو بے پناہ سہولتیں میسر ہوں گی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے بچے وقت پر سکول پہنچ سکیں گے، مزدور کارخانوں میں، وکلا عدالتوں میں پہنچ سکیں گے، غرض یہ کہ ماس ٹرانزٹ منصوبے سے زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والا مستفید ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے لاہور میں دل کے امراض کا پہلا ہسپتال تعمیرا کرایا اور عام آدمی کیلئے ترقیاتی منصوبے تعمیرا کرائے، نوازشریف کا سب سے بڑا کارنامہ ملک کو ایٹمی قوت بنانا ہے اور پاکستان اگر ایٹمی طاقت نہ ہوتا تو اس سال جنگ میں حالات مختلف ہوتے۔
شرکا سے مخاطب ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ لاہور کا شمار دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ہوتا تھا مگر سموگ میں آج کمی آئی ہے تو اس پر مریم نواز اور ان کی ٹیم کو شاباش ملنی چاہیے، یہ تمام کام کوئی چاہے بھی تو اس کو چھپا نہیں سکتا اور مخالف کو بھی ان کاموں کا اقرار کرنا پڑےگا۔
نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ ملک کو ایٹمی قوت بنانا ہے:وزیراعظم


















