اسلام آباد: (بیورورپورٹ) جعلی دستاویزات پر بیرون ممالک جانےوالے مسافروں کےخلاف شکنجہ سخت،حکومت نے جعلی ویزوں کے دھندے میں ملوث مافیا کےخلاف موثر کریک ڈاون کا حکم دےدیا۔
وفاقی وزرا محسن نقوی ،چودھری سالک کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میںپروٹیکٹر نظام کے اجرا کو فول پروف بنانے ،مسافروں کی سہولت کیلئے امیگریشن سسٹم میں بھی اصلاحات کا فیصلہ کیا گیا، وزرا نے 7 روز میں حتمی سفارشات طلب کر لیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا غیر قانونی امیگریشن روکنے کیلئے جنوری سے اسلام آباد میں اے آئی بیسڈ ایپ کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے،اے آئی ایپ کے ذریعے پہلے سے ہی علم ہو جائےگا کون سفر کے قابل ہے اور کون نہیں،ڈی پورٹ شدہ افراد کا پاسپورٹ منسوخ ہونے کے بعد دوبارہ ویزہ نہ ملنے کو یقینی بنائیں گے، یکساں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس نیشنل پولیس بیورو سے جاری ہوگا۔
وزیر داخلہ نے کہاجعلی ویزوں ،ایجنٹ مافیا کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، گرین پاسپورٹ کی درجہ بندی بہتر بنانے کیلئے دیگر ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں،لوگ غلط طریقوں سے باہر جا کر ملکی ساکھ متاثر کرتے، امیگریشن ریفارمز کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ،عالمی ساکھ بہتر بنانا ہے۔
وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز چودھری سالک نے کہا پروٹیکٹر کا مکمل شفاف نظام وقت کا بنیادی تقاضا ،لیبر ویزے پر جانے والے افراد کے پاس مستند دستاویزات کا ہونا ضروری ہے، وزارت اوورسیز پاکستانیز پروٹیکٹر و امیگریشن سسٹم میں بہتری کےلئے وزارت داخلہ سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔
جعلی دستاویزات پر بیرون ممالک جانےوالے مسافروں کےخلاف شکنجہ سخت


















