بنوں:اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان ،2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید
بنوں،اسلام آباد،پشاور:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)بنوں میں گاڑی پر حملہ،اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید ہو گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان سکواڈ کے ہمراہ بنوں جارہے تھے،میرانشاہ روڈ پردہشتگردوں نے فائرنگ کر دی،شاہ ولی خان نے موقع پر ہی جام شہادت نوش کیا،جاں بحق ہونے والوں میں2پولیس اہلکار ،راہگیر بھی شامل ہے،حملہ آوروں نے گاڑی کو نذر آتش کردیا،اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین کر لے گئے، اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد جمع کرکے لاشوں و زخمیوں کوہسپتال منتقل کیا،سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیر ے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
دریں اثنا شہید اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی اور 2پولیس جوانوں کی نماز جنازہ بنوں میں ادا کی گئی،آئی جی خیبرپختونخوا، جنرل افسر کمانڈنگ میرانشاہ و دیگر عسکری و سول حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکا نے شہداکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا،ملکی سلامتی، امن اور شہدا کے درجات کی بلندی کےلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
علاوہ ازیںصدر،وزیراعظم،وزیر د اخلہ،وزیر اعلیٰ ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے کہا انسانیت دشمن دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملائیں گے، حکومت ناسور کے مکمل خاتمے کےلئے پر عزم ہے،ملک دشمن بزدلانہ حملوں سے حوصلے پست نہیں کر سکتے، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،ملوث عناصرکو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
دوسری جانب پنجگور میں شہری کے گھر پر راکٹ حملے میں2بچے زخمی ہوگئے،دہشتگردوں نے 2x آر پی جی راکٹ فائر کیے ،چتکان میں شہری حاجی ظفر ساسولی کا گھر تباہ ،زخمی بچوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے دانستہ طور پر شہری خاندان کو نشانہ بنایا،علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا،قانون نافذ کرنےوالے اداروں نے واقعہ کو بزدلانہ دہشتگردی قرار دے کر ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔
مزید برآں آئی جی کے پی ذوالفقار حمید نے کہا ایف سی ہیڈکوارٹرز پر خودکش حملے کی منصوبہ بندی سرحدپار ہوئی ، اسلام آباد ،فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز دھماکوں میں مماثلت ، منظم گروہ دہشتگردوں کو ٹارگٹ تک پہنچانے میں سہولت کاری کر رہا ہے،دونوں واقعات میں دہشتگردوں تک خودکش جیکٹس ،بارودی مواد پہنچانے میں یکساں حکمت عملی اپنائی گئی۔


















