پاکستان ،مصر دہشتگردی کیخلاف متحد، معاشی شراکت داری بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان ،مصر دہشتگردی کیخلاف متحد،سیاسی ،دفاعی و معاشی شراکت داری بڑھانے پر بھی اتفاق کرلیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا مصری وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے، دونوں ممالک نے سیاسی ڈائیلاگ ،دفاعی و معاشی شراکت داری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا،باقی تمام شعبوں میں بھی تعاون کیا جائے گا،پاکستان مسلم دنیا میں مصر کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے، مصری وزیر خارجہ کے دورے سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا پاکستان مصر کےساتھ 250 بزنس ہاوسز کی فہرست شیئر کرےگا، معیشت کے تمام شعبے شامل ہوں گے،چیمبر آفس کامرسز ،کاروباری فیڈریشن سے مشاورت کی جائےگی،6ماہ بعد لسٹ میں مزید250 بزنس ہاوسز شامل ہوں گے، پاکستان ،مصر کا بزنس فورم بنایا جائے گا، پہلا اجلاس مصر میں ہوگا،مصری وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران غزہ ،عالمی و علاقائی، جموں و کشمیر اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،مصر پاکستانی طلبہ کے سکالر شپ ڈبل کرےگا، الاظہر یونیورسٹی میں سکالر شپس دیئے جائیں گے۔

مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد عبدالعاطی نے دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا اسلام آباد ،پشاور حملوں میں ہونےوالے جانی نقصان پر پاکستانی حکومت ،عوام سے تعزیت کرتا ہوں،مصر دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کےساتھ کھڑا ہے، دہشتگردی و شدت پسندی سے نمٹنے کےلئے تعاون کریں گے،پاکستان ،مصر کے درمیان مضبوط و تاریخی تعلقات ،دوستی باہمی مفاد و احترام پر مبنی ہے، سیاسی ڈائیلاگ، معاشی شراکت داری، دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ، دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے ،مشترکہ سرمایہ کاری کیلئے پرعزم ہیں، زراعت، ادویہ سازی، لائیوسٹاک کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔

ڈاکٹر بدر احمد عبدالعاطی نے کہا مختلف کثیرالجہتی فورمز پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو سراہتے ہیں، غزہ جنگ بندی معاہدے میں پاکستان نے اہم کردارادا کیا، غزہ کی تعمیر نو میں کردار و تعاون کے خواہاں ہیں،مصر،اسرائیل ،فلسطین تنازع کا اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے، سمجھتے ہیں تنازع فلسطین کا دوریاستی حل ہی قابل عمل وپائیدار ہے۔

قبل ازیں مصر کے وزیرخارجہ ڈاکٹر بدر احمد عبدالعاطی وزارت خارجہ پہنچے ،نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحاق ڈار نے استقبال کیا، دونوں رہنماوں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا ، بعدازاں فوٹوسیشن بھی ہوا۔

بعدازاں وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی ،معیشت، دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا،اسحاق ڈار سے ملاقات کے موقع پر مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد عبدالعاطی نے کہا شاندار میزبانی پر شکریہ اداکرتے ہیں،پاکستان ،مصر کے درمیان خوشگوار برادرانہ تعلقات ،سکیورٹی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون فروغ پا رہا ہے، دونوں ممالک مشترکہ چیلنجز سے ملکر نمٹنے کیلئے پرعزم ، پاکستان کےساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا مصر کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان ،مصرکے درمیان معیشت، دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون فروغ پا رہا ہے،مصر کے وزیر خارجہ کا دورہ مشترکہ اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا،دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ شراکت داری ،بھائی چارہ قائم ہے، تجارت، سکیورٹی ،دفاع کے شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانا مشترکہ ذمہ داری ہے۔

دریں انٹرویو میں مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے کہاغزہ کےلئے مجوزہ عالمی استحکام فورس (آئی ایس ایف) کا دائرہ کار صرف جنگ بندی کی نگرانی اور محاصرے والے علاقے کی سرحدوں کے تحفظ تک محدود ہونا چاہیے، پاکستان غزہ کی تعمیر نو و بحالی میں زیادہ بڑا کردار ادا کرے،مختلف شراکت داروں کےساتھ ملکر مخصوص مشن و مینڈیٹ پر اتفاق کرنے کےلئے کام کررہے ہیں ،محور امن برقرار رکھنے پر ہونا چاہیے، پاکستان ،مصر دونوں متفق ہیں پائیدار امن کا واحد راستہ فلسطینی ریاست کا قیام ہے، بدترین جنگ ،شہریوں کے قتل عام کو روکنے کی کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔