پالیسی بنانا عدلیہ نہیں ،ایگزیکٹو کا اختیار ہے، آئینی عدالت
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)گندم کوٹہ معاملے،انکم ٹیکس کیسز پر سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ،حکم کالعدم ،آئینی عدالت نے ریمارکس دئیے پالیسی بنانا عدلیہ نہیں ،ایگزیکٹو کا اختیار ہے۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سندھ حکومت کی اپیل پرسماعت کی،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سبطین محمود نے دلائل دیتے ہوئے کہاسندھ ہائی کورٹ کی جانب سے دی گئی گائیڈ لائنز آئین کے دائرہ کار میں نہیں تھیں،ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور دگل نے موقف اپنایاپالیسی بنانا ایگزیکٹو کا کام ہے، عدالت مداخلت نہیں کر سکتی۔
جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیئے پالیسی ایگزیکٹو بناتی اور اعلان بھی خود کرتی ہے،دلائل سننے کے بعد عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دےدیا۔
علاوہ ازیں انکم ٹیکس کیسز میں سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بنچ کے سٹے آرڈر کےخلاف درخواست پر سماعت جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کی،نجی بینک کے وکیل فیصل صدیقی نے دلائل دیتے ہوئے کہا میرے کیس میں ہائیکورٹ کے آئینی بنچ کے پاس کسی آرڈر کا دائرہ اختیار نہیں ، پہلے سپریم کورٹ کے پاس آئینی مقدمات آتے تو کوئی الگ طریقہ کار نہیں تھا۔
جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا آپ کا کیس آئینی بنچ کے پاس تھا، جب آرڈر پاس ہوا تب 26ویں ترمیم نافذ ، آئینی بنچ ریگولر مقدمات بھی سنتا تھا، قانون بنا تو واضح ہو گیا آئینی مقدمات آئینی بنچ میں جائیں گے، دوسرے کیسز ریگولر بنچ میں جانے چاہئیں تھے،الگ نظام بن گیا تو کوئی نہ کوئی مقصد تو ہوگا، دائرہ اختیار سے باہر فیصلہ غیر قانونی ہوتا ہے،بعدازاں وفاقی آئینی عدالت نے انکم ٹیکس کیسز میں نجی بینک کی درخواست منظور کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ کا حکم کالعدم قرار دےدیا۔


















