لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس، ایڈلٹ کارڈیک سرجری پروگرام، سٹروک پروگرام اور کینسر پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا۔سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے مختلف آراءو تجاویز پیش کی گئی۔خواجہ سلمان رفیق کو اجلاس کے دوران مانیٹرنگ فریم ورک،سروس ڈلیوری اور مریضوں کی سہولت کی خاطراٹھائے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں شعبہ صحت کی بہتری کیلئے جدید اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔حکومت پنجاب عوام کو بہترین، معیاری اور مفت علاج فراہم کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔ کینسر، سٹروک اور ایڈلٹ کارڈیک سرجری کے نئے تاریخی منصوبے لائے جا رہے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کو سسٹین ایبل ماڈل کے تحت چلانا چاہتے ہیں،چاہتے ہیں کہ اس پروگرام سے عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے کہاکہ شعبہ صحت کی مزید بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔ عظمت محمود خان نے کہاکہ ام پینلڈ ہسپتالوں میں مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ ام پینلڈ ہسپتالوں میں مریضوں کودر پیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں 41 واں سنڈیکیٹ اجلاس منعقدہوا۔رجسٹرار یونیورسٹی نے ایجنڈاز پیش کئے۔اجلاس کے دوران 40 ویں سینڈیکیٹ اجلاس کے منٹس،ایم سی پی ایس کیلئے سنٹرل انڈیکشن پالیسی اختیار کرنے،ایم ایس سپائن سرجری نیورو سرجری/ آرتھوپیڈکس لیول 4 کے کری کولم،ایم ڈی پری وینٹو پیڈز سپیشلٹی کی لیول تھری سے لیول فور میں اپ گریڈیشن کی سمیت دیگر امور کی منظوری دی گئی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں میڈیکل ایجوکیشن کو فروغ دے رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔
شعبہ صحت کی بہتری کیلئے جدید اصلاحات لائی جا رہی ہیں:خواجہ سلمان رفیق


















