ڈپٹی کمشنر کی غیرقانونی تعمیرات کیخلاف گرفت کمزور، مافیا پھر سرگرم

لاہور(نوید چودھری)بلدیہ عظمیٰ لاہور کے انتظامی سربراہ ڈپٹی کمشنر کی غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام پر گرفت کمزور پڑنے لگی ہے۔ ڈپٹی چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر اور ایم او پلاننگ کو حقائق کے درپردہ رپورٹنگ میں مصروف رکھ کر مافیا ایک بار پھر غیر قانونی تعمیرات کروانے میں سرگرم ہو گیا ہے۔ ڈیورنڈ روڈ گڑھی شاہو میں واقع شادی ہال کی تعمیر کو انتظامیہ نے غیر قانونی قرار دیتے ہوئے سیل کر دیا تھا، لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ طاقتوں کی مداخلت سے نہ صرف اس عمارت کو فوری طور پر ڈی سیل کیا گیا بلکہ تعمیر جاری رکھنے کی اجازت بھی دے دی گئی۔ اس کارروائی کے پیچھے ٹاون ہال کی بلڈنگ برانچ سے منسلک اہم شخصیت کا مبینہ کردار بتایا جا رہا ہے، جس نے پورے عمل کو کمزور بنایا۔ اس معاملے کے حوالے سے جب میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ چوہدری سلیم سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ بلڈنگ کا ریکارڈ مانگ لیا گیا ہے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پائی گئی تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مذکورہ تعمیر گلبرگ زون کی حدود میں واقع ہے، مگر گلبرگ زون کے زونل افسر پلاننگ اور ڈپٹی چیف افسر ہیڈ کوارٹر کے درمیان پیدا ہونے والے تناو نے انتظامی عمل کو متاثر کیا۔ ابتدا میں زونل افسر کو سیٹ پر بیٹھنے نہ دینا، بعد ازاں اس کی چھٹی، پھر اسی دوران خاتون افسر کی گلبرگ میں تعیناتی اور ساتھ ہی غیر قانونی تعمیر کا سامنے آنا انتظامیہ میں بے ضابطگیوں کے مسلسل سلسلے کی نشاندہی کرتا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس عمارت میں توسیعی تعمیر اور اندرونی تبدیلیاں کی گئی تھیں جن کیلئے الگ سے نقشہ اور علیحدہ منظوری لازمی تھی۔ اگر بنیادی نقشہ پہلے سے منظور تھا تب بھی قانون کے مطابق توسیعی تعمیر کیلئے نئی منظوری درکار تھی، مگر ایسا کوئی عمل نہیں کیا گیا۔ اس غفلت یا ممکنہ ملی بھگت کے باعث نقشہ فیس اور متعلقہ محصولات کی مد میں میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کو خطیر آمدن سے محروم کر دیا گیا، جو نہ صرف ضابطہ شکنی بلکہ مالی نقصان کا مسئلہ بھی بن چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق نقشہ کی منظوری اور تعمیراتی ضوابط کے فقدان سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ سیل کھولنے کی اجازت کن بنیادوں پر دی گئی، کن عناصر نے کارروائی میں مداخلت کی اور بلدیاتی محکمے کو مالی نقصان پہنچانے میں کون ذمہ دار ہے۔