عوام تک صحت کی مفت بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں: سلمان رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 102 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر عدنان خان، سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، ڈاکٹر زاہد پرویز، ڈاکٹر شجاعت علی، پروین آغا و دیگر افسران نے شرکت کی۔ وڈیو لنک کے ذریعے ایڈیشنل سیکرٹری فنانس خرم عزیز، ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی نوشین فیاض اور ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی شفاعت علی نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے شروع کئے گئے چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام اور چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام کی کامیابی پر سیکرٹری صحت عظمت محمود خان، سی ای او پی ایچ آئی ایم سی ڈاکٹر علی رزاق و بورڈ ممبران کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ اجلاس کے دوران پی ایچ آئی ایم سی کے مختلف ایجنڈے پیش کئے گئے۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کے شعبہ صحت میں مختلف منصوبہ جات کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران کوابلیشن ٹیکنالوجی بارے تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 101 ویں اجلاس کے فیصلوں کی عملدرآمد رپورٹ کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں 101 ویں اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں مالی سال 26-2025 کے سالانہ پروکیورمنٹ پلان کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں مالی سال 26-2025 کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صحت کے شعبہ میں تاریخی اور بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت اب تک صوبہ بھرمیں الحمداللہ 8,400 سے زائد معصوم بچوں کی اربوں روپوں کی لاگت سے بالکل مفت ہارٹ سرجریز کرچکے ہیں۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت اب تک خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے 350، آزاد کشمیر سے 170، اسلام آباد سے 88، بلوچستان سے 66، گلگت بلتستان سے 25 جبکہ سندھ سے تعلق رکھنے والے 18 بچوں کی بالکل مفت کارڈیک سرجریز کی جا چکی ہیں۔ چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت اب تک 455 رینل ٹرانسپلانٹس، 246 کوکلیئر، 142 لیور، 16 بون میرو جبکہ 6 کورنئیل ٹرانسپلانٹس بالکل مفت کر چکے ہیں۔ چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام کے تحت اب تک 10 لاکھ سے زائد مریضوں کے بالکل مفت ڈائیلسز کر چکے ہیں۔ چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام کے تحت ڈائیلسز کیلئے اب تک ہسپتالوں میں 29,700 ہزار سے زائد مریض رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے اس موقع پر کہا ہے کہ ام پینلڈ ہسپتالوں میں مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ ام پینلڈ ہسپتالوں میں مریضوں کو در پیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔