چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے27ویں ترمیم پر غور کیلئے فل کورٹ اجلاس بلا لیا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے27ویں ترمیم پر غور کیلئے فل کورٹ اجلاس بلا لیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس جمعہ کو دوپہر 2 بجے ہوگا،27 ویںترمیم ،سپریم کورٹ رولز 2025 میں ترامیم پر بات چیت ہوگی،سینئر ایڈووکیٹس کے سٹیٹس امور بھی زیر بحث آئیں گے۔

قبل ازیںجسٹس صلاح الدین پنہور نے بھی خط لکھ کر 27ویں ترمیم پر فل کورٹ بلانے کا مطالبہ کیا۔

خط میں جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا بطور احتجاج نہیں بلکہ اپنا فرض سمجھتے ہوئے خط لکھ رہا ہوں، فل کورٹ میٹنگ بلا کر آئینی ترمیم کا شق وار جائزہ ،لا اینڈ جسٹس کمیشن ،عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کو بھی مشاورت میں شامل کیا جائے، 27ویں ترمیم اختیارات کے توازن کو خراب کر سکتی ہے،آئین تقاضا کرتا ہے سپریم کورٹ تحفظ کرے، تاریخ آسانی نہیں بلکہ فیصلہ سازی کی ہمت کو یاد رکھے گی، عوامی اعتماد کو بچانے کےلئے فوری فل کورٹ اجلاس بلایا جائے۔

دوسری جانب 27ویں ترمیم کےخلاف سپریم کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ میںدرخواستیں دائر کردی گئیں،اسد رحیم سمیت 5وکلا نے عمر اعجازگیلانی کے ذریعے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میںموقف اپنایا 27ویں ترمیم کی شقوں کو کالعدم قرار دے کرعدلیہ کی آزادی کو یقینی بنانے کا حکم دیا جائے،سپریم کورٹ کے اختیارات کو کسی صورت کم یا ختم نہیں کیا جا سکتا۔

ادھر سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں وکیل ابراہیم سیف الدین ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا ترمیم آئین کے بنیادی ڈھانچے سے متصادم ،اختیارات کی تقسیم، عدلیہ کی آزادی ،قانون کی حکمرانی کے بنیادی اصولوں کےخلاف ہے، آئینی عدالت ،سپریم کورٹ میں ججز تقرری پر پارلیمان و انتظامیہ کا عمل دخل بڑھایا گیا، صدر مملکت کا استثنیٰ بادشاہی مراعات کے مترادف ہے،27ویں ترمیم کوکالعدم قرار دیا جائے۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے 27 ویں ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا،بار ایسوسی ایشن کے جنرل ہاوس میں متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی،اعلامیے کے مطابق موجودہ پارلیمنٹ متنازع ہے، آئینی ترمیم کرنے کا اختیار نہیں رکھتی،سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔