آئیں ملکر بیٹھیں،ایاز صادق،آپ سے بات نہیں ہوسکتی،محمود اچکزئی


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)متحدہ اپوزیشن کے سربراہ محمود اچکزئی نے 27ویں ترمیم کے بل کی کاپی پھاڑ دی۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا حکومت فارم 47 پر قائم کی گئی ،ایوان میں ایسا شخص بھی ہے جو 6 ہزار ووٹوں سے ہار رہا تھا کہا گیا آپ کو بنا دیتے ہیں لیکن اس نے منع کردیا اسی طرح ایک اور آدمی نے بھی منع کیااب بتائیں ایسی پارلیمنٹ کو آئین میں ترمیم کا اختیار دیا جا سکتا ہے؟ عوام کی حکمرانی کا راستہ روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

محمود اچکزئی نے کہا آئین میں غیر جمہوری قسم کی ترمیم پر دکھ ہوتا ،بانی تحریک انصاف اچھا یا برا آدمی ہے، آپ نے کیوں وزیراعظم بننے دیا، اعلیٰ عدلیہ پارٹی کا انتخابی نشان چھین لیتی ہے، تحریک انصاف نے مختلف انتخابی نشانوں پر الیکشن لڑ کر ملک کی کایا پلٹ دی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا وزیراعظم ،حکومت نے آپ کو کئی مرتبہ مذاکرات کی دعوت دی، وزیر قانون نے بات چیت کی دعوت دی، میں نے بھی دعوت دی، پھردعوت دیتا ہوں آئیں بیٹھیں بات کریں،محمود اچکزئی نے جواب دیا آپ سے بات نہیں ہو سکتی کیونکہ آپ حقیقی نمائندے نہیں،ایاز صادق نے کہا میں آپ کے لیڈر کو 2 بار ہرا کے یہاں آیا ہوں، الیکشن میں میرے خلاف کوئی پٹیشن نہیں، آپ ڈائیلاگ سے بھاگنے کا بہانہ بنا رہے ہیں، ڈائیلاگ کریں گے تو بات آگے بڑھے گی۔