افغان حکومت کا تاجروں کو پاکستان کیساتھ تجارت ختم کرنے کا حکم، 3 ماہ کی مہلت


کابل:(مشرق نیوز)افغان طالبان حکومت نے تاجروں کو پاکستان کیساتھ تجارت ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے 3 ماہ کی مہلت دےدی۔

نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر نے افغان تاجروں کو کہا تجارت کےلئے پاکستان پر انحصار ختم کرکے متبادل راستے اپنائیں،تمام افغان تاجر ،صنعتکار پاکستان کی بجائے دوسرے تجارتی راستوں کی طرف رجوع کریں،تمام تاجروں پر زور دیتا ہوں جلد از جلد درآمدات و برآمدات کےلئے متبادل آپشنز پر عمل درآمد کیاجائے۔

ملا عبدالغنی برادر نے کہا ہدایت کے بعد اگر کوئی تاجر پاکستان کےساتھ تجارت جاری رکھتا ہے تو حکومت تعاون کرے گی نہ ہی بات سنے گی،پاکستان سے درآمد شدہ ادویات کا معیارناقص ہے،درآمد کنندگان کو 3 ماہ کی مہلت دی جاتی ہے تاکہ پاکستان کےساتھ تجارتی کھاتے بند کر دیں۔

افغان نائب وزیراعظم نے کہا افغانستان کو اب درآمدات و برآمدات کےلئے متبادل تجارتی راستوں تک رسائی حاصل ہو چکی ،خطے کے ممالک کےساتھ اقتصادی تعلقات ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط ہیں،پاکستان افغانستان کےساتھ تجارتی راستے دوبارہ کھولنا چاہتا ہے تو ضمانت دینی ہوگی راستے آئندہ کسی بھی صورت میں بند نہیں کیے جائیں گے۔