پاکستان کی بنیادوں پر حملہ9/11، پارلیمنٹ نہیں چلنے دیں گے،اپوزیشن

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اپوزیشن اتحاد نے 27ویں ترمیم کی منظوری کے اگلے دن یوم سیاہ منانے ،پارلیمنٹ کو نہ چلنے دینے کااعلان کردیا۔

نامزد اپوزیشن لیڈرزقومی اسمبلی وسینٹ محمود اچکزئی، علامہ راجہ ناصرعباس، مصطفی نواز کھوکھرو دیگر رہنماوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاپاکستان کی بنیادوں پر حملہ 9/11ہے،ملک گیر تحریک شروع کردی،فرد کی مضبوطی پاکستان کو نہیں بچائے گی،اسلام آباد میں قومی مشاورتی کانفرنس بلائیں گے۔

محمود اچکزئی نے کہاملک سے محبت کرنےوالے لوگ ہیں، مجھ سے 5 مرتبہ آئین کے دفاع کا حلف لیا گیا، جھوٹے پروپیگنڈے کئے جارہے ہیں ،عوام کو غلط تاثر دیا جاتا ، افغانستان سے خونی، قبائلی و لسانی رشتہ ہے،پارلیمنٹ کو نہیں چلنے دیا جائے گا، سکول کے بچے اپنے حقوق کیلئے نکلیں گے تو آپ گولیاں چلائیں گے؟ تحریک لبیک سے اختلاف ہوسکتا ہے لیکن گولیاں کیوں چلائیں ؟۔

بعد ازاں تحریک تحفظ آئین پاکستان نے جاری کردہ اعلامیے میں کہا رواںہفتے اسلام آباد میں قومی مشاورتی کانفرنس بلائی جائے گی،تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا جائے گا،27ویں ترمیم کی جعلی منظوری کے اگلے دن ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا، عوام سے اپیل ہوگی سیاہ پٹیاں باندھ کر یوم سیاہ میں شریک ہوں گے،وکلاعدالتوں میں کالی پٹیاں پہن کر احتجاج کرینگے۔

اعلامیے میں کہا گیا توقع رکھتے ہیں عدلیہ کے باضمیر جج صاحبان تحفظات کا اظہار کرینگے، پاکستان میں نیا عمرانی معاہدہ لایا جائے، قومی مشاورتی اجلاس کے بعد ملک گیر جلسے جلوسوں کا اعلان کیا جائےگا،عوامی رائے سازی کا آغاز کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دےدی، تاجر تنظیموں کو بھی مشاورت میں شرکت کی دعوت دیں گے،عدلیہ کا نظام منہدم کیا جارہا ہے، وکلاکا مشاورت میں کلیدی کردار ہوگا، بار کونسل شرکت یقینی بنائے، سپریم کورٹ ،ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج صاحبان سے وفد کی صورت میں ملاقات کرینگے۔