27ویں ترمیم پر ڈیڈ لاک،کابینہ اجلاس ملتوی،بیشتر نکات پر اتفا ق ہوگیا،حکومت
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)27ویں ترمیم پر ڈیڈ لاک،وفاقی کابینہ کااجلاس ملتوی کردیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں 27 ویں ترمیم کے مسودے کی منظوری دی جانی تھی ،پیپلزپارٹی کے تحفظات کی وجہ سے اجلاس ملتوی کرنا پڑا ،نئی تاریخ کا اعلان آئندہ چند روز میں کیے جانے کا امکان ہے،وزیراعظم نے اسحاق ڈار کو اتحادیوں سے رابطے کا ٹاسک سونپتے ہوئے مشاورت مکمل ہونے تک بیرون ملک دورے موخر کرنے کی ہدایت کردی۔
وفاقی کابینہ اجلاس ملتوی ہونے کی اندورنی کہانی کے مطابق حکومتی اتحادیوں کا 27 آئینی ترمیم کے مسودے پر تاحال اتفاق رائے نہیں ہوسکا ،پیپلز پارٹی نے حکومت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ،پیپلز پارٹی مشاورت کے بعد مسودے میں ترامیم کرکے حکومت کو آگاہ کرے گی، اتفاق رائے کے بعد وفاقی کابینہ کے اجلاس کا فیصلہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے اعتراض کے بعد حکومت نے این ایف سی ایوارڈ کو نہ چھیڑنے کا عندیہ دےدیا،وزارت قانون نے 27 ویں ترمیم کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا،ترمیم کے بیشتر نکات پر اتفاق رائے ہوچکا ، ایک، 2نکات پر سیاسی جماعتوں میں مشاورت جاری ہے ،مسودے کو حتمی شکل دینے سے پہلے حکومت پیپلزپارٹی کے جواب کی منتظر ہے، گرین سگنل کے بعد حتمی شکل دی جائےگی،حکومتی ذرائع نے کہاپیپلز پارٹی کی تجاویز کو بھی حتمی مسودے میں شامل کیا جائےگا،معاملات طے ہونے کی صورت میں ہفتے کو آئینی ترمیم سینٹ میں پیش کرنے کا آپشن موجود ہے۔
دریں اثنا وفاقی حکومت نے 27 ترمیم کے ذریعے نیا آرٹیکل لانے کی تجویز دےدی،سرکاری ملازمین کو دہری شہریت یا ملازمت میں ایک کا انتخاب کرنا ہوگا،حکومت کاموقف ہے پبلک آفس ہولڈر دہری شہریت نہیں رکھ سکتا تو سول سرونٹ کیوں رکھے؟ مجوزہ ترمیم کےلئے آئین کے آرٹیکل 63 ون سی کا حوالہ دیاگیا،ذرائع کے مطابق آرٹیکل 63کے مطابق دہری شہریت رکھنے والا پارلیمنٹ کا رکن نہیں رہ سکتا، نئی شق کے ذریعے دہری شہریت والے سرکاری ملازمین کا گھیرا تنگ ہوگا۔
علاوہ ازیں حکومت نے پی ٹی آئی سے بھی حمایت مانگ لی،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میںوفاقی وزرا نے پی ٹی آئی رہنماوں سے ملاقات کی ،27ویںترمیم کے ایجنڈے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،حکومتی ارکین نے کہا ملکی مفاد میں آئینی ترمیم بہت اہمیت کی حامل ہے ،صوبائی خودمختاری پر کوئی اثر نہیں پڑے گا،اپوزیشن نے ترمیم کے ایجنڈے کی تحریری شکل میں فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے حمایت کی یقین دہانی سے انکار کردیا اور کہاکوئی بھی فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔


















