پی ٹی آئی کے سابق سیکرٹری اطلاعات احمد جواد گرفتار


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سابق سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی احمد جواد کو گرفتار کرلیا گیا،نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اسلام آباد نے پیکا قانون کے تحت عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری خارج ہونے پر گرفتار کیا۔

قبل ازیں احمد جواد کےخلاف پاک بھارت جنگ کے دوران متنازع ٹوئٹس کیس پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے سماعت کی،ایف آئی آر کے مطابق احمد جواد نے پاک بھارت جنگ کے دوران ریاست مخالف پوسٹ شیئر کیں،وکیل صفائی نے کہا احمد جواد کو ایک مرتبہ بھی انکوائری کیلئے نہیں بلایا گیا، امریکی صدر نے جنگ بند ہونے کا کہا، احمد جواد نے بھی کہا جنگ بندی ہوئی، کیا جنگ بندی کی خبر دینا غلط یا خوف و ہراس پھیلانا ہے، راولپنڈی میں آکر میزائل لگے کیا خوف ہراس نہیں پھیلا،فریقین کے دلائل سننے کے بعد جج افضل مجوکہ نے ضمانت درخواست مسترد کر دی۔