عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا،گھریلو صارفین کیلئے گیس کنکشن بحال

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں گھریلو صارفین کیلئے گیس کنکشن کھولنے کا اعلان کردیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا، گھریلو صارفین کےلئے ملک بھر میں گیس کنکشن کھول دئیے،2022 میں پی ڈی ایم حکومت بنی تو چاروں طرف سے بے پناہ دباو تھا گیس کا کنکشن دیا جائے، گیس فراہمی میں مشکلات ، ہر درخواست دہندہ سے معذرت کرنا پڑی ،گیس پائپ لائن ، انفراسٹرکچر بچھانے کے نہ صرف احکامات دئیے بلکہ فنڈز بھی مہیا کیے،انفراسٹرکچر بن گیا مگر گیس دستیاب نہیں تھی اب پورے پاکستان میں گھریلو صارفین کےلئے معیاری ایندھن ری گیسیفائیڈ لیکویڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کے کنکشن کا اجرا کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا لاکھوں درخواستیں موصول ہوچکیں، تسلسل نواز شریف دور سے چلا آرہا ہے، 2013 میں نواز شریف تیسری مرتبہ وزیراعظم بنے تو پورے پاکستان میں 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ و اندھیرے تھے، نوازشریف نے آتے ہی اندھیروں کاخاتمہ کیا،شہبازشریف نے تمام اتحادی جماعتوں ،ایس این جی پی ایل کی پوری ٹیم کو اہم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا شبانہ روز محنت کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف پیر کو سعودی عرب کے 3روزہ دورے پر ریاض روانہ ہوں گے،دورہ سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ہوگا،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت کابینہ کے سینئر اراکین بھی وفد میں شامل ہیں۔

وزیراعظم 27 سے 29 اکتوبر تک مستقبل کی سرمایہ کاری کانفرنس ”ایف آئی آئی 9“ میں شرکت کریں گے، کانفرنس کا موضوع ”خوشحالی کی کنجی، ترقی کی نئی سرحدوں کا انکشاف“ ہے،سعودی قیادت سے ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی و افرادی قوت پر تبادلہ خیال ہوگا ،علاقائی و عالمی امور پر بھی بات چیت کی جائے گی،شہبازشریف دیگر عالمی رہنماوں و بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے،دورہ اقتصادی سفارت کاری کو فروغ دینے کی عکاسی کرتا ہے۔