سپریم کورٹ میں عوام دوست عدالتی اصلاحات سے شفافیت میں بہتری
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)عوام دوست عدالتی اصلاحات سے شفافیت میں بہتری، سپریم کورٹ نے پیشرفت رپورٹ جاری کر دی۔
اعلامیے کے مطابق اصلاحات کا مقصد عدالتی نظام میں شفافیت، کارکردگی و انصاف تک عوامی رسائی کو بہتر بنانا ہے، اہم اصلاحات میں مقدمات کا ڈیجیٹل نظام، ای فائلنگ، آن لائن کاز لسٹ ، مقدمات کی حقیقی وقت میں ٹریکنگ شامل ہے،ٹیکنالوجی کی مدد سے انصاف تک رسائی کے تحت 4 ایریاز میں اصلاحات کی گئیں، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، شفافیت میں بہتری، عوامی سہولت اور اصلاحاتی اقدامات شامل ہیں،نئی اصلاحات کے تحت 24098 تصدیق شدہ فیصلے ، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے تحت 7242 الیکٹرانک بیان حلفی جمع کرائے گئے، 16334 درخواستیں ای فائلنگ کے ذریعے دائر ہوئیں۔
جاری کیے گئے اعلامیے میں مزید کہا گیاڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے تحت تا حال 54473 فیصلے ڈیجیٹائز کیے گئے، عدالتی اصلاحات کے تحت 8735 کیو آر کوڈ والی ججمنٹس جاری کی گئی، اصلاحات کے تحت جوڈیشل ڈیش بورڈ لانچ کیا گیا،سپریم کورٹ رولز 2025، ججز کوڈ آف کنڈکٹ کی منظوری دی گئی، اصلاحات کے تحت آن لائن فیڈ بیک سسٹم، اینٹی کرپشن ہاٹ لائن، عوامی سہولت مرکز انفارمیشن سیل، سمندر پار پاکستانیوں کےلئے سہولت سیل کا آغاز کیا گیا۔
سپریم کورٹ نے کہااصلاحات کے تحت سپریم جوڈیشل کونسل کا سیکرٹریٹ قائم ، نئے رولز نوٹیفائی کیے گئے، سپریم جوڈیشل کونسل نے اپنے 4 اجلاسوں میں 130 شکایات نمٹا دیں، عدالتی اصلاحات کے تحت جوڈیشل کمیشن سیکرٹریٹ قائم کیا گیا،اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تعیناتی کےلئے جوڈیشل کمیشن رولز 2024 نوٹیفائی کیے گئے، اصلاحات کے تحت لاہور ، سندھ ، پشاور ، بلوچستان ، اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججوں کی تعیناتیاں کی گئیں۔
اعلامیے کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے ذریعے نومبر 2024 سے اب تک 31 اجلاسوں میں 53 جج تعینات کیے جا چکے، جسٹس ڈیویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے 2026 تک تمام اضلاع میں سولرائزیشن، ای لائبریریوں کا قیام، خواتین کےلئے خصوصی سہولیات، واٹر فلٹریشن پلانٹ فراہم کیے جائیں گے،عدالتی اصلاحات کے تحت جہیز پرفیملی لا ریفارمز کی جا رہی ہیں، فیملی لا ریفارمز کے تحت نکاح نامے میں جہیز کا کالم شامل کرنے کےلئے اصلاحات جاری ہے، اصلاحات کے تحت غیر رجسٹرڈ شادیوں کےخلاف جرمانے کی تجویز زیر غور ہے،مقدمات کی اسلام آباد منتقلی بھی اصلاحات میں شامل ہے۔


















