ہنگو:2دھماکے، ایس پی آپریشنز ،2 اہلکار شہید،خضدار: 18 مزدور اغوا

ہنگو،کوئٹہ :(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)ہنگو میں2دھماکے،چیک پوسٹ تباہ، ایس پی آپریشنز اور 2 پولیس اہلکار شہید،خضدار میں تعمیراتی کیمپ پر حملہ، 18 مزدور اغوا، گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں۔

پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں نے پہلے ہنگو کے علاقے غلمینا میں پولیس چیک پوسٹ کو بارودی مواد سے اڑایا تاہم کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا،دھماکے کے بعد ایس پی آپریشنز اسد زبیر دیگر اہلکاروں کےساتھ جائے وقوعہ پر جا رہے تھے درابن کے مقام پر پولیس گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنادیا گیا۔

دھماکے میں ایس پی اسد زبیر،2اہلکار شہید ،2زخمی ہوگئے،شہید و زخمی ہونےوالوںکو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہنگو منتقل کرکے علاقے میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ۔

صدر،وزیراعظم ،وزیر داخلہ نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہااہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی،دہشتگردی کی لعنت کاخاتمہ کرکے دم لیں گے۔

ادھر خضدار میں دہشتگردوں نے تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر کے 18 مزدوروں کو اغوا کر لیا ،متعدد گاڑیوں ،مشینری کو آگ لگا کر تباہ کردیا۔

حکام کے مطابق افسوسناک واقعہ جمعرات کی رات خضدار سے تقریباً 80 کلومیٹر دور نال کے علاقے کلیڑی میں پیش آیا، درجنوں مسلح افراد نے پہلے شاہراہ کو بلاک کر کے ٹریفک روکی پھر نجی تعمیراتی کمپنی کے کیمپ ،کرش پلانٹ پر دھاوا بول دیا،کمپنی خضدار کو ضلع واشک کے علاقے بسیمہ سے جوڑنے والی اہم سڑک کی تعمیر پر کام کر رہی تھی۔

لیویز انچارج علی اکبر نے کہا حملہ آوروں نے کرش پلانٹ پر حملہ کر کے گاڑیوں،بھاری مشینری کو آگ لگادی،دہشتگردکیمپ میں موجود مزدوروں کو زبردستی ساتھ لے گئے، اغوا ہونےوالے زیادہ تر مزدوروں کا تعلق سندھ سے ہے، دور دراز علاقوں سے روزگار کی تلاش میں بلوچستان آئے تھے۔

تعمیراتی کمپنی کے منیجر ذوالفقار احمد نے کہا مسلح افراد نے 20 مزدوروں کو اغوا کیا بعد میں 2کو چھوڑ دیا ،بازیابی کےلئے کوششیں جاری ہیں،حملہ کمپنی کے کام کو شدید متاثر کرے گا ،لیویز، ایف سی اور کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔