اسلام آباد،سعودی عرب :(بیورورپورٹ،مشرق نیوز) پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے کو ضم کرنے کے اسرائیلی پارلیمنٹ کے متنازع فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان مقبوضہ مغربی کنارے کے انضمام کی اسرائیلی کوششوں اور صہیونی ریاست کی خودمختاری کے نفاذ کے اقدامات کی سخت مذمت کرتا ہے، اسرائیلی قانون ساز ادارے میں پیش کیا گیا مجوزہ متنازع قانون اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے، ترجمان کے مطابق اشتعال انگیز اور غیر قانونی اقدامات خطے میں امن و استحکام کےلئے جاری کوششوں کو کمزور کرتے ہیں، عالمی برادری اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے۔
دوسری جانب عرب ملکوں ترکی و دیگر بین الاقوامی اداروں نے اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا اسرائیلی اقدام عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی، دو ریاستی حل کے امکان کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
مغربی کنارے کو ضم کرنے کا فیصلہ مسترد، دنیا اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے، پاکستان


















